مودی حکومت کے دباؤ میں راہل گاندھی کا ٹوئٹر ہینڈل بلاک کیا گیا: کانگریس

03:57PM Mon 9 Aug, 2021

نئی دہلی: کانگریس نے پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی کے ٹوئٹر ہینڈل کو بلاک کرنے کو آزادیٔ اظہار پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹوئٹر انڈیا نے حکومت کے کہنے پر جانبدارانہ انداز میں یہ قدم اٹھایا ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال نے پیر کو یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ مودی حکومت کے حکم پر راہل گاندھی کا ٹوئٹر اکاؤنٹ عارضی طور پر بلاک کیا گیا ہے اور ٹوئٹر انڈیا کا یہ اقدام اظہار رائے کی آزادی کی خلاف ورزی ہے۔
کے سی وینو گوپال نے کہا کہ اس کارروائی سے یہ واضح ہوگیا ہے کہ ٹوئٹر انڈیا دوہرا معیار اپناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس تصویر کے پوسٹ کئے جانے پر راہل گاندھی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو بلاک کیا گیا، بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنماؤں اور کئی اہم لوگوں نے راہل گاندھی کے دورے سے صرف دو دن قبل 2 اور 3 اگست کو ٹوئٹر پر ایسی ہی تصاویر پوسٹ کی تھیں لیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔