نوئیڈا سے دہلی کوچ پر نکلے کسان ، روکنے کیلئے کالندی کنج میں بھاری پولیس فورس تعینات
01:45PM Sun 6 Dec, 2020
مرکز کے تین زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کا آندولن اتوار کو گیارہویں دن بھی جاری ہے ۔ دہلی کی مختلف سرحدوں پر دھرنا دے رہے کسانوں کی حمایت کرنے کیلئے بھارتیہ کسان سنگھ لوک شکتی کے اراکین نے نوئیڈا میں راشٹریہ پریرنا استھل سے دہلی کی جانب کوچ کرنا شروع کردیا ہے ۔ یہ کسان کالندی کنج کے راستے دہلی کی جانب سے بڑھنے والے ہیں ، جس کو دیکھتے ہوئے وہاں کثیر تعداد میں پولیس فورس کو تعینات کرکے بیریکیڈنگ کردی گئی ہے ۔
وہیں جنوبی دہلی کے ڈی سی پی راجیش ایس نے کہا کہ ڈی این ڈی اور کالندی کنج پر ہماری گاڑیاں کھڑی ہیں اور کثیر تعداد میں فورس تعینات ہے ، لیکن ہم اپیل کریں گے کہ وہ آگے نہ بڑھیں ۔
وہیں بھارتیہ کسان یونین کے بینر تلے دہلی جارہے کسان فریدآباد کے اجروندا چوک بسنت واٹیکا میں رات میں قیام کرنے کے بعد دہلی ۔ فریدآباد بارڈر کیلئے نکلے تھے ، لیکن فرید آباد پولیس نے ان کو بدرپور فلائی اوور سے کئی کلومیٹر پہلے ہی روک دیا ۔ اس کے بعد کسان لیڈروں نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ وہ انتظامیہ کی ہر بات مانتے ہوئے پیدل ہی چل رہے تھے ، لیکن انتظامیہ نے انہیں بلاوجہ ہی روک دیا ، لیکن وہ ہر حالت میں فریدآباد بارڈر پر جاکر رہیں گے ۔
اپوزیشن کے بہکاوے میں نہ آئیں کسان
ادھر زراعت کے وزیر مملکت کیلاش چودھری نے کہا کہ اپوزیشن کسانوں کو بھڑکانے کا کام کر رہی ہے ۔ کچھ سیاسی پارٹیوں کے لوگ آگ میں گھی ڈالنے کا کام کررہے ہیں ۔ اس قانون کے ذریعہ کسانوں کو آزادی ملی ہے ۔