گردابی طوفان تاؤتے کا دہلی میں بھی اثر! صبح سے لگاتار بارش، کئی ریاستوں میں الرٹ جاری

12:30PM Wed 19 May, 2021

نئی دہلی: بحیرہ عرب سے اٹھنے والے گردابی طوفان ’تاؤتے‘ کا اثر دہلی این سی آر (قومی راجدھانی خطہ) پر بھی نظر آ رہا ہے اور یہاں بدھ کی صبح سے ہی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کے سبب دہلی اور ملحقہ علاقوں میں درجہ حرارت میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دن بھر مطلع ابر آلود رہنے اور ہلکی بونداباندی کا جاری رہنے کا امکان ہے۔ دہلی کے علاوہ اتراکھنڈ اور راجستھان میں بھاری بارش کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے منگل کے روز پیش گوئی کی تھی کہ دہلی اور ملحقہ علاقوں میں تاؤتے طوفان کے سبب تیز ہواوؤں کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ تاہم موسم خوش گوار ہونے کی وجہ سے دہلی والوں کو گرمی سے کچھ راحت ضرورت نصیب ہوئی ہے۔ ادھر، ملک کے کئی حصوں میں بارش کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ مہاراشٹر میں بارش کا سلسلہ لگاتار جاری ہے۔ یہاں صبح 6 بجے سے ہی تیز بارش ہو رہی ہے اور تیز ہوائیں بھی چل رہی ہیں۔
تاؤتے نے گجرات کے ساحل پر زبردست تباہی مچائی ہے، جبکہ رداجستھان، بہار اتر پردیش اور اتراکھنڈ میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق تاؤتے اب کمزور ہو کر کم خطرناک گردابی طوفان میں تبدیل ہو چکا ہے اور جیسے جیسے یہ شمال کی طرف پیش قدمی کرے گا یہ ’گہرے دباؤ‘ میں تبدیل ہو جائے گا۔‘‘