ایمس سے ڈسچارج ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ ، سانس لینے میں تکلیف کے بعد ہوئے تھے داخل

03:04PM Thu 17 Sep, 2020

کورونا وائرس سے زندگی کی جنگ جیتنے کے بعد سانس لینے میں تکلیف کی وجہ سے ایمس میں داخل ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ جمعرات کو اسپتال سے ڈسچارج ہوگئے ہیں ۔ ہفتہ دیر رات امت شاہ کو ایمس کے کارڈیو نیورو ٹاور میں بھرتی کرایا گیا تھا ۔ کورونا سے ٹھیک ہونے کے بعد امت شاہ پوسٹ کووڈ علاج کیلئے ایمس میں بھرتی ہوئے تھے اور 31 اگست کو انہیں چھٹی مل گئی تھی ۔ تاہم اس کے بعد انہیں سانس کی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔ امت شاہ کے اسپتال میں داخل ہونے کے بعد ایمس کی جانب سے جاری کئے گئے ہیلتھ بلیٹن میں کہا گیا تھا کہ انہیں ریگولر چیک اپ کیلئے بھرتی کیا گیا ہے ۔ ایمس میں بھرتی رہنے کے دوران بھی وزیر داخلہ امت شاہ اپنے کام کاج میں مسلسل مصروف تھے ۔ جمعرات کو امت شاہ نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ اسپتال سے ہی گجرات کے گاندھی نگر لوک سبھا حلقہ میں 229 کروڑ روپے کی لاگت والے ایک پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا ۔
پروجیکٹ کی شروعات کرنے کے بعد امت شاہ نے ٹویٹ کیا : ایک صحتمند اور خوشحال ہندوستان ہمیشہ سے ہی مودی جی کا عہد رہا ہے ۔ یہ پروجیکٹ مودی حکومت کے ہر گھر جل کے عزم کو ظاہر کرتا ہے ، جس سے گاندھی نگر کے عوام کو 24 گھنٹے 365 دن صاف و شفاف پینے کا پانی دستیاب ہوگا اور وہ بیماریوں سے بچیں گے ۔