یوم جمہوریہ تقریبات میں شامل نہیں ہوں گے برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن : رپورٹ

03:28PM Tue 5 Jan, 2021

برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن 26 جنوری کو یوم جمہوریہ تقریبات میں شامل نہیں ہوں گے ۔ رائٹرس کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے وزیر اعظم نے ہندوستان کا دورہ رد کردیا ہے ۔ وہ 26 جنوری کو یوم جمہوریہ تقریبات میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کرنے والے تھے ۔ دراصل برطانیہ میں کورونا وائرس کے نئے اسٹرین کے معاملات تیزی سے بڑھ رہے ہیں ۔ ایسا کہا جارہا ہے کہ برطانیہ نے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے یہ قدم اٹھایا ہے ۔ کورونا وائرس کے نئے اسٹرین کے تیزی سے پھیلتے خطرات کے درمیان برطانیہ نے سخت لاک ڈاون لاگو کیا ہے اور منگل کو وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا کہ وائرس جتنی تیزی سے پھیل رہا ہے وہ بہت دکھی کرنے والا اور باعث تشویش ہے ۔ فی الحال ملک کے اسپتالوں پر وائرس کا سب سے زیادہ دباو ہے ۔ ایک رپورٹ کے مطابق نئے لاک ڈاؤن کے فروری وسط تک نافذ رہنے کا امکان ہے۔ نئے ضابطوں میں کہا گیا ہے کہ انگلینڈ میں لاک ڈاؤن کے دوران تمام شہری کو گھر پر ہی رہنا چاہئے ، حالانکہ اجازت یافتہ امور میں رخصت دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی تمام اسکول اور کالج بند رہیں گے اور آپشنل منگل کے روز سے رابطہ کلاسز شروع ہو جائیں گی ۔