دبئی سے لوٹا ایک اور شخص بھٹکل میں کورونا پوزیٹیو پایا گیا؛ کل تعداد 10 کوپہنچی

02:40PM Tue 14 Apr, 2020

بھٹکل: 14 اپریل، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میں گزشتہ روز ایک حاملہ خاتون کی کورونا پوزیٹیو رپورٹ آنے کے بعد آج اس کے 36 سالہ شوہر کی رپورٹ بھی کورونا پوزیٹیو موصول ہوئی ہے۔ اتر کینرا کے ڈپٹی کمشنر کی طرف سے دی گئی اطلاع کے مطابق آج ریاست میں کورونا کے کل 13/ نئے معاملات سامنے آئے ہیں جس میں سے ایک اترکینرا کے بھٹکل سے تعلق رکھنے والا شخص بھی ہے۔ اطلاع کے مطابق یہ شخص 17 مارچ کو دبئی سے ممبئی پہنچا تھا اور وہاں چار دن رہنے کے بعد ریل گاڑی کے ذریعے بھٹکل آیا تھا اور اپنے ایک دوست کے ساتھ بائک پر بیٹھ کر گھر پہنچا تھا۔ تفصیلات کے مطابق 17 مارچ کو دبئی سے ممبئی آنے والا یہ شخص 31  مارچ کو اپنی حاملہ بیوی کے معائنہ کے لیے گھر سے باہر نکلا تھا تاہم اس کے ہاتھ پر کونٹائن کی مہر ہونے کی وجہ سے اس کو اور اس کی بیوی کو آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا تھا جس کے بعد ان دونوں کے تھوک کے نمونے جانچ کے لیے بھیجے گئے تھے۔ تاہم پہلی مرتبہ کی رپورٹ میں بیوی کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو موصول ہوئی تھی جبکہ شوہر کی رپورٹ کورونا نگیٹیو نکلی تھی جس کی وجہ اس شخص کے تھوک کے نمونوں کو دوبارہ جانچ کے لیے بھیجا گیا تھا اور آج اس کی رپورٹ بھی کورونا پوزیٹیو پائی گئی ہے۔ ایک مہینہ تک گھر میں کورنٹائن رہنے کے باوجود اس شخص میں کورونا کی تصدیق ہونے کے بعد انتظامیہ پھر ایک بار حرکت میں آگئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ضلع میں کورونا مریضوں کی تعداد کل 10 ہوگئی ہے جس میں سے سات مریض صحت یاب ہوکر لوٹ چکے ہیں۔