گیان واپی مسجد معاملہ: کورٹ کمشنر اجے مشرا کو معاملے سے ہٹایا گیا، رپورٹ پیش کرنے کے لئے مزید 2 دن کی مہلت

02:29PM Tue 17 May, 2022

وارانسی: گیان واپی مسجد احاطے کے سروے اور ویڈیو گرافی کے لئے سول کورٹ کی طرف سے تعینات کئے گئے کورٹ کمشنر اجے مشرا کو ہٹا دیا گیا ہے۔ اجے مشرا پر میڈیا میں سروے سے متعلق جانکاری لیک کرنے کا الزام ہے، جس کے سبب یہ کارروائی کی گئی ہے۔ اب عدالت نے سروے رپورٹ پیش کرنے کے لئے دو دن کا مزید وقت دیا ہے۔ اجے مشرا اور اجے پرتاپ سنگھ کے خلاف اسپیشل کمشنر وشال سنگھ نے جج کو تحریری شکایت کی تھی۔ ساتھ ہی انہوں نے عدالت کی طرف سے مقرر کئے گئے دونوں کورٹ کمشنروں کو تعاون نہ کرنے کی بھی شکایت کی تھی۔
نجی فوٹو گرافر کو لے گئے
وشال سنگھ نے الزام لگایا کہ اجے مشرا اپنے ساتھ نجی فوٹو گرافر کو بھی مسجد میں لے گئے۔ اس فوٹو گرافر نے جانکاریاں میڈیا میں لیک کردیں۔ واضح رہے کہ انہیں الزامات کے سبب اجے مشرا پر کارروائی کی گئی ہے۔ سروے رپورٹ دینے کے لئے 2 دن کی مزید مہلت ملی وارانسی گیان واپی مسجد تنازعہ معاملے میں وارانسی سول کورٹ نے سروے اور ویڈیو گرافی کی رپورٹ پیش کرنے کے لئے دو دن کی مزید مہلت دے دی ہے۔ اب اس معاملے میں عدالت بدھ کو سماعت کرے گا۔ وہیں اس سے پہلے کورٹ کمشنر اجے مشرا کو معاملے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے سروے اور ویڈیو گرافی سے متعلق جانکاری میڈیا میں لیک کی۔ اس کے بعد ان پر یہ کارروائی کی گئی ہے۔ اب دیگر کورٹ کمشنر اور انتظامیہ کو کورٹ میں رپورٹ پیش کرنے کے لئے دو دن کا وقت مزید مل گیا ہے۔