بھٹکل میں صبح چھوٹ کے اوقات میں گاڑیوں پر پابندی  کے خلاف ایس ڈی پی آئی نے سونپا میمورنڈم

11:28AM Mon 10 May, 2021

بھٹکل: 10 مئی،2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) چودہ روزہ لاک ڈاؤن کے دوران صبح 6 بجے سے 10 بجے تک  روز مرہ کی اشیاء کی خریداری کے لیے دی جارہی چھوٹ میں بھٹکل میں ٹو وھیلر اور فور وھیلر پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ اس کے خلاف آج سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی) نے اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی کے توسط سے ڈپٹی کمشنر کو میمورنڈم سونپا اورعوام کو دہشت میں مبتلا کیے بغیر انہیں اعتماد میں لے کر کام کرنے کی اپیل کی ۔ اس موقع پر ایس ڈی پی آئی کے توفیق صاحب نے میڈیا کو بتایا کہ اے سی کے توسط سے ڈپٹی کمشنر کو  میمورنڈم دیا  گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ گاڑیوں پر پابندی عائد کرنے کی وجہ سے  دور دراز سے لوگوں کو مارکیٹ میں آنے کے لیے پریشانیاں  ہورہی ہیں۔  اس کے علاوہ اسپتال جانے والوں کو بھی اپنی گاڑیوں پر جانے کی اجازت دینی چاہئے تاکہ وہ بروقت مریض کو اسپتال پہنچا سکیں۔ انہوں نےکہا کہ ڈی سی سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ بھٹکل میں جگہ جگہ جو بریکیڈ ڈال کر پابندی عائد کی گئی ہے  اس سے لوگوں میں ایک طرح کا ڈر پیدا ہورہا ہے انہوں نے اس میں بھی نرمی  کرنے کی درخواست کی ہے۔ توفیق صاحب نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں ضرورت پڑنے پر ہی گھر سے نکلیں ورنہ گھروں میں ہی رہیں۔