بھٹکل ٹی ایم سی اردو بورڈ تنازعہ:  میونسپال عمارت کے اطراف کل رات تک رہیں گے امتناعی احکامات

03:59PM Fri 1 Jul, 2022

بھٹکل: یکم جولائی 22 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل ٹی ایم سی کی عمارت پر  لگے اردو بورڈ کو ہٹائے جانے کے بعد آج بھٹکل تحصلدار نے ٹی ایم سی کے اطراف  500 میٹر کے احاطے میں  دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکامات کا اعلان کیا ہے۔ بھٹکل تحصلدار سمنت بی اے کے مطابق یہ امتناعی احکامات آج سہ پہر تین بجے سے شروع ہوکر سنیچر کی رات تک جاری رہیں گے ۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ احکامات شہر میں امن و امان کی صورتحال کو بگڑنے سے بچانے کے لیے لاگو کیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ان امتناعی احکامات کے بعد ٹی ایم سی عمارت کے 500 میٹر احاطے میں پانچ سے زیادہ لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی عائد رہے گی۔ اس کے علاوہ ا تنے احاطے میں ہتھیار، دھماکہ خیز مواد، چاقو اور ایسی اشیاء جو کسی طور پر بھی ایذائی رسانی کا سبب بن سکتے ہوں ان سب کے لے جانے پر پابندی  رہے گی۔  اس ضمن میں تحصلدار نے پولس افسران کو ان امتناعی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے  کا  بھی حکم دیا ہے۔ خیال رہے کہ  اس تنازعہ کے چلتے کل ڈپٹی کمشنر مسٹر ملئی مہیلن بھٹکل آئے تھے اور  اردو نام کی عبارت  کو اتارنے کا حکم دیا تھا  ۔ [caption id="attachment_235363" align="alignnone" width="600"] تحصلدار کی طرف سے جاری حکم کی نقل[/caption]