کولکتہ کے بازار میں آتشزدگی، 19 افراد ہلاک

04:38PM Wed 27 Feb, 2013

کولکتہ کے بازار میں آتشزدگی، 19 افراد ہلاک مغربی بنگال کے مرکزی شہر کولکتہ کے سيالدہ علاقے میں واقع سوريہ سین بازار میں آگ لگنے سے انیس افراد کے ہلاک ہونے کی خبر ہے۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بینرجی نے مہلوکین کے لیے دو دو لاکھ اور زخمیوں کے لیے پچاس پچاس ہزار روپے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔ کولکتہ پولیس کنٹرول روم نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ ابھی بھی اس بازار میں کئ افراد پھنسے ہوئے ہیں۔ بہرحال پولیس نے زخمیں کی تعداد کے بارے میں کچھ نہیں بتایا ہے۔ بی بی سی کے نامہ نگار امیتابھ بھٹّاسالی کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے۔ جائے وقوع پر آگ بجھانے کے لیے پچیس گاڑیاں پانی کے ساتھ موجود ہیں اور تقریبا تین گھنٹے بعد آگ پر قابو پایا لیا گیا ہے اور امدادی کاروائی جاری ہے۔ ہمارے نامہ نگار نے بتایا کہ آگ کا شکار اور اس میں پھنسے لوگ وہی ہیں جو کام کے بعد رات کو وہیں سو جایا کرتے تھے۔ آگ بدھ کی صبح تقریبا چار بجے لگی جب کہ کافی لوگ ابھی بیدار بھی نہیں ہوئے تھے۔ آتشزدگی کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔ اس آتشزدگی میں کس قدر نقصان ہوا ہے اس کے بارے میں پولیس ابھی تفتیش کر رہی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ پورا کمپلکس غیر قانونی طور پر بنا ہے۔ یہ بازار سات منزلہ عمارت پر مشتمل ہے اور اس میں دکانوں کے ساتھ ساتھ دفاتر بھی ہیں۔ BBC URDU