کویڈ 19 کے تعلق سے مجلس اصلاح و تنظیم نے جاری کی ضروری ہدایات
12:39PM Thu 29 Apr, 2021
بھٹکل: 29 اپریل، 2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) کورونا کی دوسری لہر اور اس وجہ سے نافذ 14 روزہ لاک ڈاؤن کے چلتے مجلس اصلاح و تنظیم نے عوام کے لیے ضروری ہدایات جاری کی ہیں جو ہو بہو یہاں ذیل میں نقل کی جارہی ہیں۔
- مینگلور، بینگلور، چینائی، ممبئی اور کیرالہ وغیرہ سے بھٹکل آنے والے افراد آنے سے پہلے اپنا کویڈ ٹیسٹ کرواکر آئیں۔ بھٹکل پہنچنے کے بعد حکومت کے ضابطہ کے مطابق اپنے اپنے گھروں میں سات دنوں تک کورنٹائن میں رہیں۔ گھر سے باہر نہ نکلیں۔ گھر کے افراد سے میل ملاپ میں احتیاط برتیں۔
- عبادت گاہوں سے متعلق حکومت کی طرف سے نافذ ضابطہ کے تحت پنچ وقتہ نمازوں کے لیے مساجد میں جانے سے گریز کریں۔ نمازیں اپنے گھروں ہی میں پڑھ لیں۔
- سرکاری اسپتال میں کویڈ ویکسین لگانے کی کارروائی جاری ہے۔ اس سے فائدہ اٹھائیں۔ اولین فرصت میں جاکر حکومت کے ضابطہ کے مطابق اپنی عمر کے لحاظ سے ویکسین لگوالیں۔ ویکسین کے بارے میں کسی غلط فہمی میں نہ رہیں۔
- سانس لینے میں دشواری، سردی، بخار، کھانسی وغیرہ کی علامات ظاہر ہوں تو ابتدائی مرحلہ میں ہی ڈاکٹر سے رجوع ہوکر علاج کرائیں اسے معمولی سمجھ کر خاموش نہ بیٹھیں۔ بر وقت ان پر قابو نہیں پایا گیا تو یہی امراض کورونا کا سبب بن سکتے ہیں۔