ممبئی انڈینز اور چنئی سپر کنگز کے مابین 19 ستمبر کو ہوگا آئی پی ایل کا پہلا مقابلہ

03:24PM Sun 6 Sep, 2020

ممبئی: آئی پی ایل 13 کا ایڈیشن دفاعی چمپئن ممبئی انڈینز اور رنر اپ چنئی سپر کنگز کے مابین 19 ستمبر کو ابوظہبی میں ہونے والے دھماکہ خیز مقابلے سے شروع ہوگا۔ آئی پی ایل کا انعقاد عالمی وبا کی وجہ سے اس بار 19 ستمبر سے 10 نومبر تک متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہو رہا ہے۔
 آئی پی ایل کی گورننگ کونسل نے اتوار کو ایونٹ کا اعلان کیا، ٹورنامنٹ شروع ہونے میں 13 دن باقی ہیں۔ پہلا میچ پچھلے ایڈیشن کی دو فائنلسٹ ٹیموں ممبئی اور چنئی کے مابین کھیلا جائے گا۔ روہت شرما کی زیر قیادت ممبئی چار بار یہ اعزاز حاصل کرچکی ہے جبکہ مہندر سنگھ دھونی کی سربراہی میں چنئی کی ٹیم تین بار چمپیئن رہی ہے۔ ٹورنامنٹ کے میچ متحدہ عرب امارات کے تین شہروں دبئی، شارجہ اور ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کے پلے آف میچوں کا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔
ٹورنامنٹ 19 ستمبر کو شروع ہونے کے بعد 20 ستمبر کو دبئی میں ٹورنامنٹ کا دوسرا میچ دہلی کیپٹلز اور کنگز الیون پنجاب کے مابین کھیلا جائے گا، جبکہ دبئی میں 21 ستمبر کو سن رائزرس حیدرآباد کا مقابلہ وراٹ کوہلی کی زیرقیادت رائل چیلنجرس بنگلور سے ہوگا۔
ٹورنامنٹ کا چوتھا میچ 22 ستمبر کو شارجہ میں کھیلا جائے گا جہاں راجستھان رائلز کا مقابلہ دھونی کی چنئی سے ہوگا۔ یہ میچ ٹورنامنٹ میں چنئی کا دوسرا میچ ہوگا۔ اس کے بعد دو بار کی فاتح کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کا مقابلہ 23 ​​ستمبر کو ابوظہبی میں ممبئی سے ہوگا۔