اب دہلی میں ماسک پہننا ہوا لازمی، ورنہ ہوگاجرمانہ، کووڈ۔19 سےمتعلق اموات میں 3 گنااضافہ!

03:53PM Thu 11 Aug, 2022

ملک کی 75 ویں یوم آزادی سے قبل دہلی میں ماسک کے استعمال کو لازمی کردیا گیا ہے۔ کیونکہ قومی دارالحکومت دہلی میں کووڈ۔19 کی وجہ سے ہونے والی اموات میں تقریبا 3 گنا اضافہ ہوا ہے۔ عام آدمی پارٹی (AAP) حکومت نے اب تمام عوامی مقامات پر ماسک کو لازمی قرار دینے کا حکم جاری کیا ہے جس میں مزید کہا گیا ہے کہ ماسک کے اصول کی خلاف ورزی کرنے والوں پر 500 روپے کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ تاہم دہلی حکومت نے کہا کہ اس حکم نامہ کے تحت جرمانہ ان لوگوں پر لاگو نہیں ہوگا جو پرائیویٹ چار پہیہ گاڑیوں میں ایک ساتھ سفر کرتے ہیں۔ ان دنوں دہلی میں کووڈ اموات میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ دہلی میں کووڈ سے ہونے والی اموات میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھا گیا ہے جس میں اب تک صرف اگست کے مہینے میں 40 اموات کی اطلاع ملی ہے جو کہ جولائی کے آخری 10 دنوں کے مقابلے میں تقریباً تین گنا اضافہ ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کووِڈ کی وجہ سے 14 لوگوں کی موت ہوئی تھی۔ جولائی کے مقابلے اگست کے مہینے میں روزانہ کی بنیاد پر قومی سطح پر اموات میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ 10 اگست کو ریکارڈ کی جانے والی اموات کی تعداد تقریباً 180 دنوں میں سب سے زیادہ تھی۔ دہلی میں کورونا (COVID-19) سے مرنے والوں کی کل تعداد 26,351 ہے۔
تاہم ماہرین اور حکام کا کہنا ہے کہ اموات زیادہ تر ان لوگوں میں ریکارڈ کی جا رہی ہیں جن کو عارضے ہیں یا وہ کینسر، تپ دق، یا دیگر امراض کے ساتھ والی بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر مریضوں کو پہلے ہی دیگر بیماریاں لاحق ہیں۔