کووڈ۔ 19ویکسین کو لے کر روس نے کیا ہندستان سے رابطہ، ساجھےداری میں کر سکتا ہے پروڈکشن

02:37PM Tue 25 Aug, 2020

نئی دہلی۔ آج پوری دنیا کووڈ۔ 19 وبا (Covid-19 Pandemic) سے پریشان ہے۔ صرف ہندستان میں ہی اس عالمی وبا (Global Pandemic) نے اب تک 31.6 لاکھ سے زیادہ لوگوں کو اپنی زد میں لے لیا ہے۔ ملک میں 58,390 مریض اس سے اب تک اپنی جان گنوا چکے ہیں۔ ایسے میں سبھی کو کورونا ویکسین (Corona Vaccine) کے آنے کا بےصبری سے انتطار ہے۔ ان خوفناک اعداد وشمار کے بیچ روس سے اچھی خبر آئی ہے۔ ذرائع کی مانیں تو کورونا وائرس کی پہلی ویکسین ایجاد کرنے والے روس نے اپنی ویکسین اسپوتنک کو لے کر مودی حکومت سے رابطہ قائم کیا ہے۔ ذرائع سے ملی اطلاعات کے مطابق، روس اپنی ویکسین اسپوتنک 5 کے بارے میں تفصیل ہندستان کے ساتھ ساجھا کر رہا ہے۔ ہندستان میں روسی سفیر نکولائے کداشیو نے بائیو ٹیکنیکل محکمہ اور آئی سی ایم آر سے رابطہ قائم کیا ہے۔ روسی سفیر نے حکومت ہند کے پرنسپل سائنسی مشیر کے وجے راگھون، بائیو ٹیکنیکل محکمہ کے سکریٹری رانو سوروپ اور آئی سی ایم آر کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر بلرام بھارگو سے رابطہ کیا ہے۔ روسی سفیر نے ویکسین سے منسلک جانکاریاں اور ڈیٹا ان اسٹیک ہولڈروں سے ساجھا کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، ویکسین سے متعلق سب سے اہم جانکاری ساجھا کرنا ابھی باقی ہے۔ یہی نہیں روس میں ہندستان کے سفیر بھی کورونا ویکسین تیار کرنے والے ادارے گومالیا نیشنل سینٹر آف ایپیڈیمیولاجی اینڈ مائیکروبائیولوجی کے ساتھ مسلسل رابطہ بنائے ہوئے ہیں تاکہ ویکسین سے منسلک تمام جانکاریاں ہندستان کو مل سکیں۔ ذرائع سے ملی جانکاری کے مطابق، وزارت صحت کے حکام کے ساتھ بھی روسی سفیر نے میٹنگ کی ہے۔