مرکزکی کووڈ۔19ٹاسک فورس کےاراکین اورایمس کےچیف قومی لاک ڈاؤن کےحق میں:رپورٹ
04:39AM Mon 3 May, 2021
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سخت قومی لاک ڈاؤن ملک میں جاری کورونا وائرس کی تباہ کن دوسری لہر کا سلسلہ توڑنے کا واحد راستہ ہے۔ اسی ضمن میں ملک کے سیاسی لیڈران کورونا وائرس کی منتقلی کو روکنے کا واحد راستہ ’’قومی لاک ڈاؤن‘‘ ہی کو بتارہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کووڈ۔19 ٹاسک فورس (Covid-19 task force) ملک گیر سطح پر لاک ڈاؤن کے لئے سخت زور دے رہی ہے۔ یہ ٹاسک فورس ماہرین پر مشتمل ہے۔ جو کہ مرکزی حکومت کو وقتا فوقتا مشورے دیتی آرہی ہے۔
ہندوستان میں کورونا وائرس (کووڈ۔19) کے کیسوں میں بھیانک انداز میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ وہیں کورونا سے متاثر ہو کر مرنے والوں کی تعداد میں بھی لگا تار اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے۔کووڈ۔19 کام کرنے والے ٹاسک فورس کے اراکین دو ہفتوں تک جاری رہنے والے قومی لاک ڈاؤن کی تجویز کر رہے ہیں۔ ہفتہ کے روز ہندوستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں غیر معمولی 4.01 لاکھ کووڈ۔19 کے کیسوں اور 3523 اموات کی اطلاع ملی ہے۔
ٹاسک فورس میں ایمس (AIIMS) اور آئی سی ایم آر (ICMR) کے ماہرین شامل ہیں اور حالیہ اضافے کے دوران متعدد بار ان کے درمیان رائے مشورے بھی ہوئے ہیں۔ ٹاسک فورس کے چیئرپرسن وی کے پال (V K Paul) وزیراعظم نریندر مودی (Narendra Modi) کو رپورٹ کیا ہے کہ ملک گیر سطح پر لاک ڈاؤن کارکر ثابت ہوگا۔وزیراعظم نریندر مودی نے 20 اپریل کو قوم سے خطاب میں کہا تھا کہ لاک ڈاؤن سے بچنے کے لئے تمام تر کوششیں کی جانی چاہیے۔ لاک ڈاؤن کو صرف ’’آخری سہارے‘‘ کے طور پر استعمال کیا جانا چاہئے۔
ہندوستان میں گذشتہ کئی روز سے آکسیجن اور ہسپتال کے بستروں کی کمی شدت سے محسوس کی جارہی ہے۔ کیونکہ مثبت کیسوں کی شرح میں سے ہر ایک کی تعداد ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتی جاتی ہے۔نیوز 18 کے ساتھ خصوصی گفتگو میں ایمس کے سربراہ ڈاکٹر رندیپ گلیریا (Dr Randeep Guleria) نے کہا کہ ’’ہندوستان کے صحت کے بنیادی ڈھانچے کو حد سے زیادہ بڑھا دیا گیا ہے۔ اس لیے پورے ملک کو کورونا کی دوسری لہر سے لڑنا ہے‘‘۔