سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ نے گذشتہ سوموار کو کرونا وائرس کی وَبا کے پیش نظراس مرتبہ عازمین حج کے لیے صحت کے نئے مگرسخت معیارات کا اعلان کیا ہے اور ان پر پُورا اترنے والے افراد ہی کا حج کے لیے انتخاب کیا جائے گا۔ سعودی حکومت نے اس سال محدود پیمانے پر حج کی میزبانی کا اعلان کیا تھا اور مجوزہ عازمین حج میں مملکت میں مقیم 70 فی غیر سعودی اور 30 فی صد سعودی شہری شامل ہوں گے۔ اس مرتبہ بیرون ملک سے کوئی فرد حج کے لیے حجاز مقدس نہیں جائے گا۔ حجاج کرام کا دوسرا معیار یہ ہوگا کہ صرف ان سعودی شہریوں،غیرملکی طبی کارکنان اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو حج کی اجازت دی جائے گی جو کرونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے مگر اب صحت یاب ہوچکے ہیں۔ایسے افراد کے ترجیحی انتخاب کا مقصد مملکت میں کرونا وائرس کی وَبا کے خلاف جنگ میں ان کی شبانہ روز خدمات کا اعتراف ہے اور ایک طرح سے انھیں خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔ سعودی حکام کووِڈ-19 کے خلاف جنگ میں محاذاوّل پر خدمات انجام دینے والے ایسے ملازمین کے انتخاب کے لیے ڈیٹا بیس کو استعمال کریں گے جو خود بھی اس جان لیوا وائرس کا شکار ہوگئے مگر بعد میں تن درست ہوگئے ہیں۔