ہماچل پردیش میں اچانک آئے سیلاب اور لینڈ سلائیڈ سے 19 افراد کی موت، چھ لاپتہ

04:02PM Sat 20 Aug, 2022

شملہ : ہماچل پردیش میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارش کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈ، سیلاب اور بادل پھٹنے کے واقعات میں کم از کم 19 افراد کی موت ہوگئی جبکہ 6 دیگر لاپتہ ہوگئے ہیں ۔ ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر سدیش کمار موکھتا نے ہفتہ کو یہ جانکاری دی۔ موکھتا نے کہا کہ شدید بارش سے سب سے زیادہ نقصان منڈی، کانگڑا اور چمبا اضلاع میں ہوا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں موسم سے متعلق 34 واقعات درج کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شدید بارش کے باعث پانی جمع ہونے کی وجہ سے کئی سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔ تیز بارش کی وجہ سے صبح کے وقت کانگڑا ضلع میں چکی پل کے ڈھہہ جانے کے بعد جوگیندر نگر اور پٹھان کوٹ روٹ کے درمیان ریل سروس معطل کر دی گئی۔ ریلوے حکام نے پل کو غیر محفوظ قرار دیا تھا۔ حکام نے بتایا کہ ریاست کے ہمیر پور ضلع میں سیلاب کے بعد پھنسے 22 افراد کو نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔ افسران نے بتایا کہ چمبا ضلع میں بارش کی وجہ سے لینڈ سلائیڈ کے بعد ایک مکان منہدم ہونے سے تین افراد کی موت ہوگئی ۔ چمبا ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ڈی ای او سی) نے بتایا کہ چواری تحصیل کے بنیت گاؤں میں ہفتہ کی صبح تقریباً 4.30 بجے مٹی کا تودہ گرا، جس کے بعد مکان منہدم ہوگیا اور تین افراد کی موت ہوگئی ۔ حکام نے بتایا کہ منڈی ضلع میں شدید بارش کے نتیجے میں اچانک آئے سیلاب اور لینڈ سلائیڈ میں ایک لڑکی کی موت ہو گئی، جبکہ 13 دیگر افراد کی ہلاکت کا بھی خدشہ ہے ۔ ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے حکام کے مطابق منڈی میں جمعہ کی رات منڈی - کٹولا - پراشر روڈ پر باگھی نالے میں ایک لڑکی کی لاش اس کے گھر سے تقریباً آدھا کلومیٹر دور ملی۔ انہوں نے بتایا کہ لڑکی کے کنبہ کے پانچ افراد کے بھی سیلاب میں بہہ جانے کی اطلاع ہے ۔