کووڈ-19: آگے بڑھے گا لاک ڈاون؟ وزیر اعظم مودی کل صبح 10 بجے ملک سے کریں گے خطاب

11:58AM Mon 13 Apr, 2020

نئی دہلی۔ ہندوستان میں کورونا وائرس (Coronavirus) کے معاملے ہر دن بڑھتے جا رہے ہیں۔ انفیکشن میں مبتلا لوگوں کی تعداد 9000 سے تجاوز کر گئی ہے۔ اس وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لئے ملک میں جاری 21 دنوں کا لاک ڈاون 14 اپریل کو ختم ہو رہا ہے۔ حالانکہ، لاک ڈاون کا آگے بڑھنا تقریبا طئے ہے۔ ایسے میں وزیر اعظم نریندر مودی (PM Narendra Modi) منگل کو صبح دس بجے قوم سے ایک بار پھر خطاب کریں گے۔ مانا جا رہا ہے کہ وزیر اعظم مودی اس خطاب میں لاک ڈاون کو آگے بڑھانے کا اعلان کر سکتے ہیں۔ وزیر اعظم دفتر نے ٹویٹ کر اس کی اطلاع دی ہے۔
وزیر اعظم مودی نے ہفتہ کو وزرائے اعلیٰ کے ساتھ ویڈیو کانفرنسگ کے ذریعہ بات کی تھی۔ اس میٹنگ میں یہ بات نکل کر آئی تھی کہ لاک ڈاون کو کم سے کم دو ہفتوں یعنی اس پورے مہینے کے لئے بڑھایا جانا چاہئے۔ اب ہو سکتا ہے کہ وزیر اعظم مودی خود منگل کو اس کا اعلان کریں۔
اس سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی نے لاک ڈاون کے دوسرے مرحلے میں کچھ چھوٹ دینے کے اشارے بھی دئیے ہیں تاکہ گرتی ہوئی معیشت میں تھوڑی جان پھونکی جا سکے۔ وزیر اعظم مودی نے ’ جان بھی، جہاں بھی‘ کی بات کہہ کر واضح کر دیا ہے کہ کورونا وائرس سے لوگوں کی جان بچانے کے ساتھ ہی ان کے ذریعہ معاش اور معیشت کو بھی بچانا چاہتے ہیں۔ ایسے میں لاک ڈاون کو اب مرحلہ وار طریقے سے ہٹایا جائے گا۔