قاہرہ: ٹرین پٹری سے اترنے کے نتیجے میں 19 ہلاک

10:21AM Tue 15 Jan, 2013

قاہرہ: ٹرین پٹری سے اترنے کے نتیجے میں 19 ہلاک 130115063021_cairo-trainمصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ایک ٹرین پٹری سے اتر گئی جس کے نتیجے میں انیس افراد ہلاک جبکہ سو سے زائد زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق یہ ایک فوجی ٹرین تھی جو نئے بھرتی ہونے والے ریکروٹس کو لے کر جا رہی تھی۔ وہ ٹرین قاہرہ کے ایک فوجی کیمپ جا رہی تھی جس کے راستے میں جیزہ کے علاقے بدراشن کے قریب یہ پٹری سے اتر گئی۔ حادثے کی وجوہات کے بارے میں ابھی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ مصر میں سڑکوں اور ٹرین حادثات کا بہت برا ریکارڈ ہے جیسا کہ گزشتہ نومبر میں ایک ٹرین سکول کے بچوں سے بھری بس سے ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجے میں پچاس بچے ہلاک ہو گئے تھے۔ اس حادثے کے نتیجے میں ریلوے کے سربراہ اور ملک کے وزیر مواصلات کو مستعفی ہونا پڑا تھا۔ اس حادثے کے بعد ہونے والی تحقیقات سے ظاہر ہوا تھا کہ ریلوے کا پھاٹک اس حادثے سے قبل کھلا تھا کیونکہ سگنل پر مامور اہلکار سو گیا تھا۔ سوموار کو ہونے والے حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین مصر کے بالائی علاقوں سے قاہرہ پہنچ رہی تھی۔ جیزہ کے گورنر کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے جبکہ ایک عینی شاہد نے بی بی سی کو بتایا کہ انہوں ن دو درجن کے قریب لاشیں جائے حادثہ پر دیکھیں۔ اسی علاقے میں چار سال قبل دو مسافر ٹرینوں میں تصادم کے نتیجے میں اٹھارہ افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ قاہرہ ہی میں دو ہزار دو میں ایک ٹرین میں آتشزدگی سے تین سو تہتر افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ BBC URDU