دبئی سے بھٹکل لوٹے 184 افراد میں سے 104 لوگوں کی رپورٹ کورونا نیگیٹیو: 47 لوگوں کو گھر جانے کی دی گئی اجازت
03:50AM Fri 19 Jun, 2020
بھٹکل: 19 جون، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) دبئی سے 12 جون کی رات نکل کر 13 جون کو خصوصی فلائٹ کے ذریعے مینگلور ہوتے ہوئے بھٹکل پہنچنے والے 184 افراد کو اسی وقت بھٹکل کے تین الگ الگ مقامات پر کورنٹائن کیا گیا تھا اور ان میں سے حاملہ خواتین، بچوں اور عمر رسیدہ افراد کے تھوک کے سیمپل اگلے دن جانچ کے لیے روانہ کیے گئے تھے۔
محکمہ ہیلتھ کے ایک افسر کے مطابق اب تک موصولہ رپورٹ میں 104 افراد کی کورونا رپورٹ نیگیٹو پائی گئی ہے جبکہ بقیہ افراد کی رپورٹ بھی آج یا کل میں موصول ہوجائے گی۔
اطلاع کے مطابق اب تک جن لوگوں کی رپورٹ نیگیٹیو آئی ہے ان میں سے حاملہ خواتین، بچوں اور بوڑھوں سمیت 47 لوگوں کو جمعرات کی شام کو گھر جانے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ بقیہ افراد کو سات دن کورنٹائن مکمل کرکے جانے کے لیے کہا گیا ہے۔
اطلاع کے مطابق دبئی سے لوٹنے والوں کے ساتھ ساتھ یہاں مہاراشٹرا اور آندھرا وغیرہ کی ریاستوں سے پہنچنے والوں کی رپورٹ بھی آنی باقی ہے اگر ان کی رپورٹ بھی کورونا نیگیٹو پائی جاتی ہے تو یہ بھٹکل کے عوام سمیت افسران کے لیے بھی راحت کی خبر ہوگی۔