سوڈان کی فیکٹری میں آتش زدگی، 18 ہندوستانی مزدوروں سمیت 23 افراد ہلاک، 130 زخمی
02:59PM Wed 4 Dec, 2019

خرطوم: سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں ایک سرامکس فیکٹری میں گیس ٹینکر کے پھٹنے سےآگ لگ گئی جس کے نتیجہ میں 23 افراد ہلاک اور 130 سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔ سوڈان میں موجود ہندوستانی سفارت خانہ کی جانب سے بدھ کے روز تصدیق کی گئی ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد میں 18 ہندوستانی مزدور بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ زخمیوں میں بھی 7 ہندوستانی شامل ہیں جو اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
سوڈانی حکام کے مطابق خرطوم کے شمال میں صنعتی زون میں واقع ٹائلیں بنانے والی فیکٹری میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی تھی، اس کے بعد سیاہ دھویں کے بادل آسمان کی جانب بلند ہورہے تھے۔سوڈانی حکومت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گیس کا ٹینکر فیکٹری میں اتارتے ہوئے دھماکے سے پھٹ گیا تھا اور اس سے فیکٹری مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس سے ٹینکر نزدیک واقع دوسری لاٹ میں جاگرا۔ایک عینی شاہد نے بتایا کہ دھماکہ بہت زوردار تھا اور فیکٹری کے احاطے میں کھڑی بہت سے کاریں بھی آگ لگنے سے مکمل طور پر جل گئی ہیں۔ واقعے کی ویڈیو فوٹیج میں حادثے کی جگہ پر لوگوں کو بھاگتے اور مدد کے لیے پکارتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ فیکٹری سے سیاہ دھویں کے بادل بلند ہورہے ہیں اور سکیورٹی فورسز کے اہلکار اور رضا کار فیکٹری کے مختلف حصوں میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوشش کررہے ہیں۔