اقلیتی طلبہ کو 16۔2015 کی اسکالرشپس کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے لئے سرکار کے اہم اقدامات :نجمہ
10:25AM Sat 2 Apr, 2016
نئی دہلی۔ وزارت اقلیتی امور نے ایک تاریخ ساز فیصلہ کیا ہے جس سے تمام اسکالرشپس کی رقم نیشنل اسکالر شپ پورٹل کے ذریعے براہ راست طلبہ کے بینک اکاونٹ میں منتقل ہوجائے گی۔ مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور نجمہ ہپت اللہ نے اس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ایسا کرنے کا مقصد اسکالر شپس کی ادائگی کے عمل میں کئی محکموں کی شمولیت کی بناء پر اسکالر شپ کی پوری رقم بروقت حاصل کرنے میں طلبہ کو پیش آرہی دشواریوں کو دور کرنا ہے۔اس قدم کی بدولت ان کٹوتیوں اور بدعنوانیوں کا بھی خاتمہ ہوجائے گا جن کی وجہ سے چند طلبہ کو کئی ذرائع سے اسکالر شپ ملتی تھی جبکہ دوسروں کو اس کا فائدہ مل ہی نہیں پاتا ۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ یہ اتنے بڑے پیمانے پر آن لائن توثیق اور طلبہ کے بینک اکاونٹ میں رقوم کی براہ راست منتقلی کی پہلی کوشش ہے، اس کام میں سرکار کو کئی تکنیکی اور انتظامی چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا جن میں فارموں میں دی گئی نامکمل معلومات ، درخواست فارموں میں دی گئی معلومات میں فرق اور سافٹ ویئر کے چند نقائص شامل ہیں۔