وینکٹاپور کے قریب گہری کھائی میں تیراکی کرنے گیا 16 سالہ زبیر انس ڈوب کر جاں بحق

09:07AM Fri 9 Sep, 2022

بھٹکل : 9 ستمبر،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل کارگیدے معاذ بن جبل مسجد کے قریب رہنے والا 16 سالہ زبیر انس ابن ارشاد  علی اکبراآج صبح وینکٹاپور کے قریب ہولکی میں واقع گہری کھائی میں تیراکی کرنے کے دوران ڈوب کر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ انا للہ و انا الیہ راجعون قریبی ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق زبیر آج صبح قریب نو بجے اپنے چند دوستوں کے ساتھ وینکٹاپور تیرنے گیا ہوا تھا اور اس دوران اس کے دوست تیرتے ہوئے دوسری جانب چلے گئے تھے ۔  اپنے ساتھیوں سے ملنے کے لیے زبیر نے جیسے ہی گہرے پانی میں غوطہ لگایا تو تیراکی میں مہارت نہ ہونے کی بنا پر وہ ڈوبنے لگا اور دیکھتے ہی دیکھتے ساتھیوں کی آنکھوں سے اوجھل ہوکر غرقاب ہوگیا۔ سوشیل میڈیا کے ذریعے اس کی اطلاع پاتے ہی بھٹکل سے کئی لوگ وہاں پہنچے اور نوجوانوں کی ایک ٹیم اس کو ڈھونڈنے میں لگ گئی۔ قریب دو  ڈھائی گھنٹے کی تلاش کے بعد زبیر انس کی لاش دریافت کی گئی۔ لاش کو سرکاری اسپتال کے مردہ خانے میں رکھنے کے بعد اہل خانہ کے حوالہ کیا گیا ہے اور میت کارگیدے فورتھ کراس  میں واقع ان کے مکان میں رکھی گئی ہے۔ زبیر کے تعلق سے معلوم ہوا ہے کہ وہ انجمن پی یو کالج میں سال اول کا طالب علم تھا ۔ ادارہ بھٹکلیس مرحوم نوجوان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہے اور اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ اس نوجوان کی بال بال مغفرت فرمائے اور اسے جنت الفردوس میں جگہ عنایت فرمائے۔ آمین واضح رہے کہ یہ جگہ پتھروں کی کان کنی کے بعد بہت ہی گہری کھائی میں تبدیل ہوگئی ہےاور یہاں برسات کے موقع پر پانی جم جاتا ہے۔ وہاں کے مقامی افراداکثر لوگوں کو تیراکی سے منع کرتے رہتے ہیں لیکن  اس کے باوجود بھی تیراکی کا شوق رکھنے والے وہاں تیر کر اپنا شوق پورا کرتے ہیں ۔