مئی  16کو اسکولوں کے دوبارہ  کھلنے کے نہیں ہیں امکانات : ریاستی حکومت گرمی کی تعطیلات بڑھانے پر کررہی ہے غور

02:20PM Sat 7 May, 2022

بنگلورو، 7 مئی ،2022 (ذرائع) ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر کی وجہ سے اسکولوں کے لیے موسم گرما کی تعطیلات میں توسیع  کیے جانے کا امکان ہے۔ریاست کرناٹک میں بھی اعلان کے مطابق 16 مئی سے نئے تعلیمی سال کا آغاز ہونا ہے لیکن شدید گرمی کی وجہ سے اسکولوں کے کھلنے کے امکانات کم نظر آرہے ہیں۔ ریاست میں اس وقت جب کہ  طلبہ کے لیے گرمیوں کی تعطیلات  ختم ہونے میں چند دن ہی رہ گئے  ہیں اس دوران والدین اور اساتذہ کا خیال ہے کہ اگر 16 مئی کو کلاسز شروع ہوں گے تو شدید گرمی کی وجہ سے بچوں کی صحت پر اثر پڑسکتا ہے۔ اس لیے اس بات کی خواہش کی جارہی  ہے کہ موسم گرما کی چھٹیوں میں مزید دس دنوں کا اضافہ کیا جائے،  لیکن اس تعلق سے  وزیر تعلیم نے کوئی بیان نہیں دیا ہے ۔ واضح رہے کہ ریاست میں ہر سال نئے تعلیمی سال کا آغاز 29 مئی  سے ہوتاہے  لیکن اس سال محکمہ تعلیم نے کورونا  وائرس کی وبا کے دوران بند ہوئی تعلیم کی تلافی کے لیے گرمیوں کی تعطیلات میں کمی کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔   اب دیکھنا یہ ہے کہ حکومت اس سلسلے میں کیا فیصلہ سناتی ہے ۔