بھٹکل کی 16 گرام پنچایتوں کے لیے 22 دسمبر کو بیلیٹ پیپر کے ذریعے ہونگے انتخابات: ڈی سی ہریش کمار
03:11PM Tue 8 Dec, 2020
بھٹکل: 8 دسمبر،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاست میں دو مرحلوں میں ہورہے گرام پنچایت انتخابات کے تحت اتر کینرا میں بھی دو مرحلوں میں انتخابات ہونگے جس کے تحت پہلے مرحلےمیں یعنی 22 ڈسمبر کو بھٹکل، ہوناور، کمٹہ، انکولہ اور کاروار میں انتخابات ہونگے جبکہ دوسرے مرحلے میں یعنی 27 دسمبر کو سرسی، سداپور، یلاپور، ڈانڈیلی اور ہلیال میں انتخابات ہوں گے اور یہ تمام انتخابات ای وی ایم مشین کے بجائے بیلٹ پیپر کے ذریعے کیے جائیں گے۔ اس کی معلومات اتر کینرا کے ڈپٹی کمشنر داکٹر ہریش کمار نے دی وہ آج یہاں بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر میں اخباری نمائندو ں سے مخاطب تھے۔
انہوں نے بتایا کہ بھٹکل تعلقہ کی 16گرام پنچایتوں کی 284نشستوں کے لئے کل 104پولنگ بوتھ تشکیل دئیے گئے ہیں جن میں 46965مرد ، 45563خاتون سمیت کل 92528رائے دہندگان اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ اس کے لیے ایک ہزار سے زائد ووٹوں والے پولنگ بوتھ کو تقسیم کرکے 33اضافی پولنگ بوتھ بنائے جانے کی جانکاری بھی ڈی سی ہریش کمار نے دی۔ انہوں نے بتایا کہ ہرایک گرام پنچایت میں انتخابی دفتر کھولا گیا ہے اور پرچہ نامزدگی کا اندراج بھی شروع ہوچکا ہے۔ جس کے لیے صبح 11بجے سے دوپہر 3بجے تک کا وقت رکھا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کورونا کے پیش نظر اس بار انتخابات میں رائے دہندگان کی حفاظت کے پیش نظر تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کیے جانے کی ہدایات دی جاچکی ہیں اور اس کے لیے 300آشا/اے این ایم /آنگن واڑی کارکنان کو تربیت دی جاچکی ہے۔ اسی طرح کووڈ-19پازیٹیو مریضوں کو بھی ووٹ ڈالنے کا موقع دیاگیا ہےاور کسی بھی ووٹر کو تکلیف نہ ہو ایسا انتظام کیا گیا ہے۔
اس اخباری کانفرنس میں ڈی سی کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنر مسٹر بھرت ایس، ڈی ایس پی مسٹر نکھل بلاور بھی موجود تھے۔