بھٹکل میں دو دنوں سے مسلسل بارش: دو دنوں میں 157 ملی میٹر بارش ہوئی ریکارڈ
01:27PM Sun 13 Jun, 2021
بھٹکل: 13 جون، 2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق مانسون کے شروع ہوتے ہی ساحلی کرناٹک میں موسلادھار بارش کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔ جس کے ساتھ ہی تیز ہواؤں کے چلنے سے درختوں کے گرنے کی بھی خبریں موصول ہورہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق بھٹکل تعلقہ کے کائکینی اور بئیلور میں دو درخت گرنے سے دو گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔جہاں ریوینیو افسران نے پہنچ کر جائزہ لیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی اطلاع کے مطابق گزشتہ دو دنوں میں بھٹکل تعلقہ میں 157 /ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ ملحوظ رہے کہ اس مہینے میں ضلع بھر میں بھٹکل میں ہی سب سے زیادہ بارش ہوئی ہے جہاں یکم جون سے 13 جون تک 478.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔
بارش کے ہوتے ہی بھٹکل میں جگہ جگہ سڑکوں پر پانی رکا ہوا دکھائی دے رہا ہے جو کہ پانی کی نالیوں کے صفائی نہ ہونے کی دلیل ہے ، اسی طرح ڈرینیج کی پائپ لائن کے لیے سڑکوں کے بیچوں بیچ کھودے جانے والی جگہوں پر بھی مٹی نرم ہونے کی وجہ سے سڑک اندر جاتی نظر آرہی ہے جس سے گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں کو دشواری پیش آرہی ہے۔عوام مقامی انتظامیہ کی ناقص تیاریوں پر اپنی برہمی کا اظہار کررہے ہیں۔