جنوبی کوریا؛ ہالووین میں بھگدڑ سے 156 افراد کی ہلاکت پر یوم سوگ

10:08AM Sun 30 Oct, 2022

سئیول: جنوبی کوریا میں ہالووین کے تہوار کے دوران بھگدڑ مچنے سے 156 افراد ہلاک اور 86 زخمی ہوگئے۔  غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعہ جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیؤل میں پیش آیا جب ہالووین منانے والے ہزاروں لوگ تنگ گلی میں جمع ہونا شروع ہوئے اور اچانک بھگدڑ مچ گئی۔ دم گھٹنے اور قدموں تلے کچلے جانے سے 156 افراد ہلاک ہوگئے جن میں 19 غیرملکی شامل ہیں جب کہ 86 افراد زخمی ہیں۔ 19 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی عمریں 20 سے 30 کے درمیان ہیں۔ جنوبی کوریا کے صدر نے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے لواحقین سے دلی تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ صدر نے آج ملک بھر میں یوم سوگ منانے کا اعلان بھی کیا ہے۔

خیال رہے کہ جنوبی کوریا میں کورونا پابندیوں کے باعث تین سال بعد ملک میں پہلی بار ہیلووین تہوار منایا جا رہا ہے اور اس وجہ سے شراکاء کا جوش و خروش زیادہ ہے۔

ملک کے دیگر مقامات میں سیکیورٹی کے انتظامات کو سخت کردیا گیا ہے اور منتظمین کو خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر ممالک کے سربراہان نے اس افسوسناک واقعے پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔