مہاتما گاندھی کی 150ویں یوم پیدائش پرسوچھ بھارت کی شکل میں عملی خراج عقیدت: نریندرمودی

02:01PM Tue 2 Oct, 2018

نئی دہلی:  وزیراعظم نریندرمودی نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کو آزادی سے زیادہ صفائی عزیز ہونے کا ذکر کرتے ہوئے منگل کے روز کہا کہ ہمیں ان کے 150 ویں یوم پیدائش پر انہیں صاف اورصحت مند ہندوستان کی شکل میں عملی خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔ نریندرمودی نے یہاں راشٹرپتی بھون میں ’گاندھی ایٹ 150‘ کے نام سے بابائے قوم کے 150 ویں یوم پیدائش کے سال کے آغازاور’مہاتما گاندھی بین الاقوامی سوچھتا کانفرنس‘ کے اختتام پرمشترکہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’باپو کا خواب صفائی کےعزم پرمبنی تھا۔
 وزیراعظم نے کہا کہ آزادی کی لڑائی کے وقت گاندھی جی نے کہا تھا کہ صفائی اورآزادی میں وہ صفائی کو ترجیح دیں گے۔ سوال یہ ہے کہ مہاتما گاندھی باربارصفائی پراتنا زورکیوں دیتے تھے؟ صرف اس لئے نہیں کہ صفائی سے بیماری نہیں ہوتی بلکہ اس لئے کہ جب ہم گندگی کو دورکرتے ہیں تو صفائی ہمیں حالات کو قبول کرنے کی رجحان کی طرف لے جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی شعور کو جکڑ لیتی ہے۔ گاندھی جی کی صٖفائی کی تحریک بے حسی سے بیداری کی طرف لے جانے کوشش تھی‘۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ گاندھی کے خیالات کے اثرکا ہی نتیجہ تھا کہ چار برس قبل 15 اگست 2014 کو لال قلعہ سے انہوں نے دو اکتوبر 2019 کو ان کے 150 ویں یوم پیدائش تک ملک کو کھلے میں رفع حاجت سے پاک بنانے کی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے فخرہے کہ میں نے ان کے بتائے ہوئے راستے پر چلتے ہوئے ’سوچھ بھارت‘ کوعوامی تحریک بنادیا ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے جنرل سکریٹری اینٹونیا گوٹیریس کی موجودگی میں منعقدہ اس پروگرام میں انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی ہندوستانی روایت کا حصہ رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان اقوام متحدہ کے پائے دار ترقی کے مقاصد (ایس ڈی جی) کو حاصل کرنے کی سمت میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اوروہ صفائی ستھرائی کے ساتھ تغذیہ پربھی عوامی تحریک شروع کرچکا ہے۔ انہوں نے گوٹیریس کو یقین دہانی کرائی تھی کہ ایس ڈی جی کو حاصل کرنے میں ہندوستان کا قائدانہ کردار ہوگا۔