ضلع انتظامیہ کی جانب سے ایک ہفتہ کے اندر کاروار میں 150 بستروں والے آئسولیشن سینٹر قائم کیے جانے کی یقین دہانی

11:41AM Sat 28 Mar, 2020

بھٹکل: 28 مارچ، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) اترکینرا کے ڈپٹی کمشنر مسٹر ہریش کمار نے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ کورونا کی وجہ سے ضلع اتر کینرا کے عوام کو دہشت زدہ ہونے کی بالکل بھی ضرورت نہیں ہے اس لیے کہ ضلعی انتظامیہ نے اس وائرس سے متاثر ہونے والے مریضوں کے علاج کے لیے تیاری کرلی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ آئندہ ایک ہفتہ میں کاروار کے کیمس اسپتال میں کورونا کے مریضوں کےعلاج کے لیے کاروار کے کیمس اسپتال میں  ایک کروڑ روپیوں کی لاگت سے ایک شعبہ قائم کیا جائے گا جس میں آکسیجن کے ساتھ 150 بستروں والا آئسولیشن سینٹر قائم کیا جائے گا اور اس کے علاوہ 50 بستروں والا الگ  وارڈ کورانٹائن کیے گئے مریضوں کے لیے خاص کیا جائے گا۔ ڈی سی نے بتایا کہ موجودہ کیمس اسپتال کو بھی استعمال کرتے ہوئے یہاں 25 بستروں والا کورنٹائن وارڈ بنایا جائے گا جبکہ اسی اسپتال کے باہر آئی سولیشن کے لیے دس  بستر آئی سی یو کے ساتھ لگائے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ پنچایت سی ای او روشن صاحب ان سب کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں اور بہت جلد وہ اس کو مکمل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ ضلع انتطامیہ پر اعتماد رکھیں اور اپنے اپنے گھروں میں ہی رہیں باہر آنے کی غلطی نہ کریں۔ موصوف ڈپٹی کمشنر نے غلط خبریں پھیلانے والوں کو اس سے بچنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے عوام میں خوف وہراس پھیل رہا ہے جس سے انتطامیہ کو کافی مشکلات پیش آرہی ہیں۔ انہوں نے سوشیل میڈیا پر غلط خبریں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی بھی بات کہی ہے۔