شیموگہ میں ڈائنامیٹ لے جارہی لاری میں ہوا دھماکہ: اب تک 15 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق۔ مزید اموات ہونے کا اندیشہ

04:05AM Fri 22 Jan, 2021

شیموگہ: 22 جنوری، 2021  (بھٹکلیس نیوز بیورو) وزیر اعلیٰ بی ایس یڈی یورپا کے گاؤں پڑوسی ضلع شیموگہ کے ہوناسونڈی میں کل رات ڈائنامیٹ اور جیلٹین  سے بھری لاری میں دھماکہ ہونے کے سبب اب تک 15 افراد کے مرنے کی تصدیق ہوئی  ہے جبکہ ان ہلاکتوں میں مزید اضافہ کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ اطلاع کے مطابق گذشتہ رات شمیوگہ میں 10:30 بجے کے قریب زور دار دھماکہ کی آواز سنائی دی جس کے ساتھ ہی زمین تھرا اٹھی تھی۔ مقامی لوگوں نے زلزلے کے جھٹکے سمجھ کر کوف کے بارے  اپنے مکانات کو چھوڑ دیا تھا۔جبکہ اس کے نتیجے میں کئی مکانوں  کی چھتوں کو نقصان پہنچا، کئی مکانوں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ کر گرگئے،  گھروں کے باہر پارک کی ہوئی سواریوں کے گلاس ٹوٹ گئے۔بتایا گیا ہے کہ اس دھماکہ کی آواز شمیوگہ سمیت اتر کینرا کے کئی قریبی علاقوں میں بھی سنائی دی تھی۔ تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ شیموگہ کے پہاڑی علاقوں میں پہاڑوں کو توڑنے کے لیے استعمال ہونے والے ڈائنامیٹ کا دھماکہ ہوا ہے۔ اس سلسلہ میں انتظامیہ اور پولس کا کہنا ہے کہ ابھی مرنے والوں کی تعداد کے سلسلہ میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا ہے ان کا کہنا ہے کہ دھماکہ سے لاری مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہے اور لاشیں بھی مسخ ہوچکی ہیں مرنے والوں میں زیادہ تر بہار کے رہنے والے مزدور بتائے جارہے ہیں۔ واضح رہے کہ شیموگہ وزیر اعلیٰ بی ایس یڈی یورپا کا آبائی گاؤں ہے ۔