15 جولائی سے 18+ عمر والوں کو Booster Dose بھی مفت، حکومت کا بڑا اعلان

12:12PM Wed 13 Jul, 2022

نئی دہلی: ملک کے سبھی شہریوں کو کورونا کی بوسٹر ڈوز اب مفت میں ملے گی۔ حالانکہ یہ فی الحال 75  دنوں تک ملنے والی ہے۔ مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکرنے کہا کہ ہندوستان آزادی کے 75 ویں سالگرہ کا جشن منا رہا ہے۔ آزادی کے امرت کال کے موقع پر یہ فیصلہ لیا گیا ہے کہ 15 جولائی 2022 سے آئندہ 75 دنوں تک 18 سال سے زیادہ عمر کے شہریوں کو مفت میں بوسٹر ڈوز کی خوراک دی جائے گی۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں اس ارادے کی تحریک کو منظوری دی گئی۔ ہندوستان کی آزادی کے 75 سال پورے ہونے کے موقع پر ’آزادی کا امرت مہوتسو‘ کے تحت مہم چلائی جائے گی۔
سبھی سرکاری مراکز پر دستیاب
انوراگ ٹھاکر نے کہا، وزیر اعظم نے بار بار ویکسینیشن پر زور دیا ہے۔ آج ایک بار پھر لگتا ہے کہ بوسٹر ڈوز کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سائنٹفک طریقے سے فیصلے لیتی ہے، خود سے فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔ بغیر سیاسی نفع ونقصان کے یہ فیصلہ لیا گیا۔ اسے بجٹ آئٹم نہ دیکھ کر اسے بڑی آبادی کے فائدے کے لئے دیکھنا چاہئے۔ 18 سال سے اوپر کی عمر کے جو بھی لوگ سرکاری اسپتال میں بوسٹر ڈوز لگوائیں گے، اسے مفت دیا جائے گا۔ انوراگ ٹھاکر نے کہا، ’ملک کے شہریوں سے گزارش ہے کہ سبھی لوگ کورونا کی بوسٹر ڈوز لگوا لیں۔ کورونا کے بوسٹر ڈوز ملک میں سبھی سرکاری مراکز پر دستیاب ہوگی۔ تقریباً دو ارب ڈوز لگ چکی ہے اس سے قبل حکومت نے کہا تھا کہ کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز 60 سال سے اوپر کے بزرگوں، طبی ملازمین اور فرنٹ لائن کارکنان کو مفت میں دی جائے گی۔ اس اعلان کے بعد حکومت نے بوسٹر ڈوز کو سبھی شہریوں تک پہنچانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق، پورے ملک میں اب تک کل 199.12 کروڑ کورونا ویکسین کی ڈوز لگائی جاچکی ہے۔ ملک میں اب روزانہ پازیٹیویٹی ریٹ 3.68 فیصد اور ہفتہ واری پازیٹیوٹی ریٹ 4.26 ہے۔
گزشتہ کچھ دنوں سے کورونا انفیکشن کی رفتار ملک میں ایک بار بڑھنے لگی ہے۔ مرکزی وزارت صحت کے مطابق، بدھ کو ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس انفیکشن کے 16,906 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ اس کے ساتھ اس دوران کورونا سے 45 افراد کی موت بھی ہوئی ہے۔ ملک میں اس دوران 15,447 مریض انفیکشن سے صحتیاب ہوکر ٹھیک ہوگئے ہیں۔ اب تک ملک میں کووڈ انفیکشن ہونے کے بعد کل 4,30,11,874 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔