مینگلور کی ملالی جمعہ مسجد کے باہر دفعہ 144 کا نفاذ: تعمیر کے دوران ملا تھا مندر جیسا ڈیزائن

12:56PM Wed 25 May, 2022

مینگلورو: 25 مئی،2022 (ایجنسی) پولیس نے 24 مئی کی شام سے 26 مئی کی صبح 8 بجے تک  مینگلورو کی ملالی جمعہ مسجد کے ارد گرد 500 میٹر کے علاقے میں دفعہ 144  کے تحت امتناعی احکامات نافذ کر دیے ہیں،  اس کے ساتھ ہی پولیس نے مسجد کے قریب بڑی تعداد میں پولیس اہلکار  بھی تعینات کر دیے ہیں۔ یہاں مسجد کی تعمیر و تزئین کے دوران  21 اپریل کو مسجد کے نیچے ایک ہندو مندر جیسا آرکیٹیکچرل ڈیزائن ملا تھااور  اس کے بعد وشو ہندو پریشد کے لیڈرام نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا  کہ مسجد کے دستاویزات کی تصدیق ہونے تک مسجد کی مرمت و تزئین  کا کام روک دیا جائے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ 21 اپریل کو جمعہ مسجد میں تزئین و آرائش کے کام کے دوران منگلورو کے گروپارا تعلقہ میں ملالی مارکیٹ میں واقع مسجد کمپلیکس سے ہندو مندر جیسے آرکیٹیکچرل کی کھوج کی گئی تھی۔ بتا دیں کہ مرمت کا کام مسجد انتظامیہ کر رہی تھی۔ مسجد کا ایک حصہ پہلے ہی منہدم ہو چکا تھا۔ کچھ ہندوتوا تنظیموں کے مطابق مسجد کی تعمیر سے پہلے یہاں ایک مندر موجود تھا۔ وہیں جمعہ مسجد کے علاقے میں پیدا ہونے والے تنازعہ کے بعد وہاں بھیڑ جمع ہونے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ ساتھ ہی منگلورو انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ دفعہ اس لیے لگائی گئی ہے تاکہ علاقے میں امن و امان خراب نہ ہو۔ اس کے لیے علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔