ساگر میں  اینٹی بائیوٹک انجیکشن لگانے کے بعد 14 بچوں کی طبیعت خراب

02:18PM Mon 27 Jun, 2022

شیموگہ: 27 جون، 2022 (ایجنسی)  کرناٹک کے شیموگہ ضلع کے ساگر شہر میں اینٹی بائیوٹک انجیکشن لگوانے کے بعد سردی اور بخار سے متاثرہ 14 بچوں کی حالت خراب ہو گئی ہے۔ اسپتال میں داخل بچوں میں سے چار کی حالت نازک ہے، جنہیں پیر کے روز شیموگہ کے ضلع اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ طبی عہدیداران کے مطابق بچوں کو سردی اور بخار کے انفیکشن کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ نرسوں نے اتوار کے روز انہیں اینٹی بائیوٹک انجیکشن لگایا۔ انجیکشن لگنے کے فوری بعد بچوں کو تیز بخار ہوا اور وہ کانپنے لگے۔ واقع کی اطلاع موصول ہوتے ہی بی جے پی کے رکن اسمبلی ہراتالو ہلپا موقع پر پہنچے اور طبی عہدیداران کو بچوں کا مناسب علاج کرانے کی ہدایت دی۔ ہراتالو ہلپا نے کہا ’’واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد میں فوری طور پر اسپتال پہنچا۔ طبی افسران کو بچوں کی مناسب دیکھ بھال کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ اسے ابھی تک ایلرجی مانا جاتا ہے۔ جہاں تک دوا کا سوال ہے، ہم تصدیق کریں گے کہ کس نے اور کہاں سے اس فراہمی کی۔‘‘