فلپائن میں طاقت ور ترین طوفان سے 14 افراد ہلاک، 40 لاکھ متاثر
02:53PM Sat 15 Sep, 2018

منیلا: طاقت ور سمندری طوفان ’منگکھٹ‘ فلپائن کے ساحل سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق انتہائی طاقتور سمندری طوفان ’منگکھٹ‘ آج شمالی فلپائنی صوبے کاگایان کے علاقے باگاؤ سے ٹکرا گیا۔ سال کے اس سب سے طاقت ور طوفان کے آغاز میں ہی 14 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کی رفتار 250 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، انتہائی شدید باد و باراں کے ساتھ زوردار جھکڑ سے معمولات زندگی معطل ہوگئے اور شاہراہوں پر نصب ہولڈنگز اور کھمبے گرگئے جب کہ لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی رونما ہوئے۔طوفان کے باعث کئی دیہات اور شہر بجلی کی فراہمی سے محروم ہوگئے جس کی وجہ سے 40 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے، گھروں کی چھتیں منہدم ہوگئیں جب کہ میدانی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔
ریسکیو اداروں کو الرٹ کردیا گیا ہے جب کہ شہر کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ اب تک 15 سے زائد زخمیوں کو اسپتال لایا گیا ہے جب کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔