اندور-پٹنہ ایکسپریس کے 14 ڈبے پٹری سے اترے؛ 100 ہلاکتیں، درجنوں زخمی

01:23PM Sun 20 Nov, 2016

ریاست اتر پردیش کے ضلع کانپور کے قریب ہونے والے مسافر ٹرین حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 100 سے بھی تجاوز کر گئی ہے جبکہ درجنوں افراد زخمی ہیں۔ اتوار کو کانپور شہر کے قریب پوکھرایاں کے علاقے میں علی الصبح مسافر ٹرین 'اندور پٹنہ ایکسپریس' کی 14 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ اس حادثے میں سو سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ جائے وقوعہ پر ریسکیو آپریشن اور ملبہ ہٹانے کام جاری ہے۔ پولیس حکام کے مطابق صبح تقریًبا ساڑھے تین بجے یہ حادثہ پیش آیا۔ جائے وقوعہ پر 250 پولیس اہلکار تعینات ہیں۔ خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے ریاست کے سینیئر پولیس افسر دلجیت چودھری کے حوالے سے لکھا ہے کہ ریلوے حادثے میں ہلاک ہونے والے لوگوں کی تعداد سو سے بھی زیادہ ہے۔ اس سے قبل سینیئر حکام نے 96 لاشیں جائے وقوعہ سے بر آمد کرنے کی تصدیق کی تھی۔ ریاست کے جی ڈی پی جاوید احمد نے میڈیا سے بات چیت میں بتایا تھا کہ ٹرین کی دو بوگیاں ایک دوسرے میں پھنس گئی تھیں اور انھیں کاٹ کر اندر پھنسے مسافروں کو نکالنے کا کام جاری ہے۔ ریلوے کے اعلی اہلکار انیل سکیسینا کا کہنا ہے کہ کئی مسافر ابھی بھی ڈبے میں پھنسے ہوئے ہیں۔ حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین کے ایک مسافر نے بی بی سی کو بتایا کہ 'رات کے تین بجے کے قریب ہمیں زوردار جھٹکا لگا۔ کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ ہر ایک صدمے میں تھا، میں نے خود کئی لاشیں اور زخمی دیکھے۔‘ کانپور سٹیشن ریلوے کے اہم جنکشنز میں سے ایک ہے اور یہاں سے ہر روز سینکڑوں ٹرینیں گزرتی ہیں۔ ریلوے کے ترجمان انیل سکسینا نے بتایا کہ کانپور سے گزرنے والی دوسری ٹرینوں کا رخ موڑ دیا گیا ہے۔ انڈیا میں ریلوے کا نظام پرانا ہونے کے سبب ٹرین کے حادثے معمول کی بات ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق انڈیا میں ایک دن میں دو کروڑ 30 لاکھ افراد ٹرین کے ذریعے سفر کرتے ہیں۔