جے این یومعاملہ: 1200 صفحات پرمشتمل چارج شیٹ میں کنہیا کماراورعمرخالد سمیت 10 پرملک سے غداری کا الزام
12:22PM Mon 14 Jan, 2019

ملک کے مشہورومعروف تعلیمی ادارہ جواہرلال نہرویونیورسٹی (جے این یو) طلبہ یونین کے سابق صدرکنہیا کمار، عمرخالداورانربان بھٹاچاریہ سمیت 10 طلبا کے خلاف ملک سے غداری کے معاملے میں دہلی پولیس نے پٹیالہ ہاوس کورٹ میں میٹروپولیٹن مجسٹریٹ سُمیت آنند کی عدالت میں 1200 صفحات پرمشتمل چارج شیٹ داخل کی۔
اس چارج شیٹ میں کنہیا کمار، عمرخالد اورانربان بھٹاچاریہ کے علاوہ 7 کشمیریوں کوبھی ملزم بنایا گیا ہے۔ ان تمام کشمیری طلبا سے بھی پوچھ گچھ کی جاچکی ہے، لیکن انہیں بغیرگرفتاری کے چارج شیٹ کیا گیا ہے۔ ان کے خلاف چارج شیٹ میں 124 اے (ملک سے غداری) 323 ,465 ,471 ,143 ,149 ,147 اور120 بی جیسی دفعات لگائی گئی ہیں۔
اس چارج شیٹ کے کالم 12 میں 36 ملزم ہیں، جن پرعدالت طے کرے گی کہ انہیں ملزم بنانا ہے یا نہیں۔ ان 36 کے خلاف پولیس کوراست ثبوت نہیں ملے ہیں۔ دہلی پولیس کی اسپیشل سیل کے مطابق گواہوں کے بیانات کے بعد ملک سے غداری کا یہ معاملہ درج کیا گیا ہے۔ گواہوں کےمطابق کنہیا کمارنے بھی ملک مخالف نعرے لگائے تھے، وہیں عمرخالد کے خلاف دھوکہ دہی کا بھی معاملہ درج کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پارلیمنٹ پرحملے کے قصوروارافضل گروکوپھانسی پرلٹکائے جانے کی مخالفت میں سال 2016 میں جے این یوکیمپس میں ایک پروگرام منعقد کیا گیا تھا۔ جے این یوکے اس متنازعہ پروگرام سے لوگوں میں ناراضگی پھیلی تھی۔ الزام لگے تھے کہ پروگرام کے دوران مبینہ طورپرملک مخالف نعرے لگائے گئے تھے۔
اس متعلق کنہیا کمار، عمرخالد اورانربان کویہ پروگرام منعقد کرنے کے الزام میں گرفتارکیا گیا تھا۔ ان تمام پرملک سے غداری کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ حالانکہ ان کی گرفتاری سے بڑا تنازعہ کھڑا ہوگیا تھا۔ اپوزیشن نے پولیس پربرسراقتداربی جے پی کے اشارے پرکام کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔