شاہین مخدوم کے پانچ نوجوانوں نے طے کیا سائیکل پر 120 کلو میٹر کا سفر
04:02PM Thu 19 Aug, 2021

بھٹکل: 19 اگست، 2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) کہتے ہیں کہ نوجوان اگر کوئی ارادہ کر لیں تو ان کے سامنے کوئی مشکل مشکل نہیں رہتی بلکہ وہ ہر مشکل چیز کو اپنی مضبوط قوت ارادی سے آسان بنا لیتے ہیں اور کامیابی کے جھنڈے گاڑ کر ہی دم لیتے ہیں۔
بھٹکل کی بات کی جائے تو یہا ں بھی اس طرح کے کئی نوجوان ہیں جو کچھ الگ کرنے کی فکر میں رہتے ہیں ۔جن کی خبریں وقتاً فوقتاً اخبارات کی زینت بنتے رہتی ہیں۔
اسی طرح کی ایک خبر بھٹکل کے مخدوم کالونی سے موصول ہوئی ہے جہاں کےشاہین مخدوم اسپورٹس سینٹر سے تعلق رکھنے والے پانچ نوجوانوں نے سائیکل پر سوار ہوکر بھٹکل سے کنداپور کے آگے تک کا سفر طے کیا ہے جو کہ مجموعی طور پر 120 کلو میٹر ہوتا ہے۔
شاہین مخدوم کے ایک ذمہ دار اسماعیل امشاد مختصر کے مطابق وہاں کے رہنے والے محمد معاذ ابن عبدالمناف ،محمد شفیع ابن محی الدین خطالی، محمد ضِمان ابن ضرار، زکوان ابن محمد سلیم اور محمد معاویہ ابن عبدالمناف نامی نوجوانوں نے بھٹکل سے کنداپور تک کا سفر سائیکل چلا کر طے کیا ہے جبکہ واپسی بھی ان کی سائیکل پر ہی ہوئی ہے، جو کہ اپنے آپ میں ایک بڑی بات سمجھی جارہی ہے اور ان کی اس کوشش کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے۔
شاہین مخدوم کے ذمہ داران نے ان نوجوانوں کی کوششوں کی سراہنا کی ہے اور کہا ہےکہ ویڈیو گیم سے لت پت اس ماحول میں اگر نوجوان ایسے حوصلے لے کر اٹھتے ہیں اور ان کو پورا کرتے ہیں تو ان کی قدر کرنی چاہئے تاکہ انہیں بھی ہمت ملے اور دوسروں کو بھی اس سے سیکھ ملے۔