بینگلور سیریل بم دھماکوں کے 12 سال بعد پھر ایک ملزم ہوا گرفتار

08:39AM Tue 22 Sep, 2020

بنگلورو: بینگلورو میں 12سال پہلے ہونے والے سلسلہ وار بم دھماکوں کے ایک اہم ملزم کو بارہ سال بعد کل 21ستمبر کو سٹی اینٹی ٹیرر پولس سیل نے گرفتار کرلیا ہے۔ جس کی شناخت کوزی کوڈ کے شعیب کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ پولس کے مطابق شعیب ان دھماکوں میں اہم ملزم تھا اور دھماکوں کے بعد سے وہ روپوش ہوگیا تھا۔ ذرائع کے مطابق پولیس کو کیرالہ میں اس کی موجودگی کے بارے میں معلومات ملی تھی۔ جس کے بعد قومی تفتیشی ایجنسیوں کے ساتھ مشترکہ آپریشن میں اسے وہاں سے تحویل میں لے لیا گیا اور بینگلورو لایا گیا۔  شعیب کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ ممنوعہ تنظیم اسٹوڈنٹس اسلامک موومنٹ آف انڈیا (سیمی) کا سرگرم رکن تھا اور انڈین مجاہدین کے ماسٹر مائنڈ سمجھے جانے والے ریاض کا بھی قریبی تھا۔ دھماکوں کے بعد تفتیشی ایجنسیوں نے اس کی گرفتاری کے لئے ریڈ کارنر نوٹس جاری کیا تھا۔ خیال رہے کہ 25 جولائی ، 2008 کو میسورو روڈ سمیت بینگلورو کے نو مقامات پر بم دھماکے ہوئے تھے۔ ان دھماکوں میں دو کی موت ہوگئی تھی اور 20 افراد زخمی ہوئے تھے۔ دھماکوں کے بعد پولیس نے اس معاملے کی تفتیش کرتے ہوئے اس سلسلہ میں کیرلا کی پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ عبد الناصر سمیت متعدد افراد کو گرفتار کیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ شعیب کو انڈگو کی پرواز کے ذریعے  کوزی کوڈ سے بینگلورو لایا گیا جہاں سے انہیں فورینسک سائنس لیبارٹری لے جایا گیا۔  22 ستمبر،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو/ذرائع)