بھٹکل جالی روڈ پر بے قابو کار کی آٹو رکشہ سے ٹکر : 12 سالہ لڑکاجاں بحق

03:33PM Thu 4 May, 2023

بھٹکل: 4 مئی،2023 (بھٹکلیس نیوز بیورو)  بھٹکل آزاد نگر 6 کراس  جالی روڈ کے قریب آج عصر کے وقت کار اور رکشہ کے مابین ہوئے تصادم میں رکشے پر سوار 12سالہ لڑکے کی موت واقع ہوگئی ہے،  جس کی شناخت جُہیم ابن جمیل احمد ملپا کی حیثیت  سے کی گئی ہے ۔ اطلاع کے مطابق جالی روڈ پر  کار کا ٹائر پنکچر ہوجانے کے نتیجے میں کار بے قابو ہوگئی تھی  جس کی وجہ سے مخالف سمت سے آرہے آٹو سے اس کی ٹکر ہوگئی جس میں لڑکے کو شدید چوٹیں آئی ۔ حادثے کے بعد جُہیم کو پہلے مقامی نجی اسپتال لے جایا گیا تھا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد  اسے مینگلورو لے جایا گیا  لیکن وہاں پہنچتے پہنچتے وہ اپنے زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔انا للہ وانا الیہ راجعون جہیم کے تعلق سے بتایا گیا ہے کہ وہ  مکتب جامعہ  نوائط کالونی میں پنجم مکتب کا طالب علم تھا اور آج عصر کے وقت وہ امام شافعی مسجد کے قریب واقع  اپنے والد کے مکان سے صدیق اسٹریٹ میں واقع اپنی والدہ کے مکان جارہا تھا۔ میت بھٹکل سرکاری اسپتال میں ہے۔ کاغذی کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کی جائے گی۔ نماز جنازہ ان شاء اللہ آج رات 12:00 بجے تنظیم مسجد نوائط کالونی میں ادا کی جائے گی۔ دعا ہے کہ اللہ تعالی اس لڑکے کے درجات بلند فرمائے اور اسے اپنے والدین کے لیے ذخیرہ آخرت بنائے۔اس کے جمیع پسماندگان کو صبر ، ہمت اور حوصلہ عطا فرمائے۔آمین یا رب العالمین