سرچ آپریشن میں آج 12 لاش برآمد، اب تک 50 کی اموات، کھدائی میں کام ہوا تیز
02:58PM Sun 14 Feb, 2021

چمولی: اتراکھنڈ کے چمولی میں گزشتہ دنوں گلیشیئر پھٹنے (Glacier Burst) سے ہوئی خطرناک تباہی کے بعد سرچ اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ اس درمیان آج 12 لاشیں نکالی گئیں۔ اس کے ساتھ برآمد کی گئی لاشوں کی تعداد اب بڑھ کر 50 ہوگئی ہے۔ چمولی (Chamoli) کی ڈی ایم سواتی بھدوریا کا کہنا ہے کہ ٹنل میں ریسکیو آپریشن مزید تیز کیا جائے گا۔ حالانکہ محکمہ موسمیات کے مطابق 14 سے 16 فروری کے درمیان پورے علاقے میں موسم خراب رہے گا۔ بارش کا امکان ہے، ایسے میں ریسکیو ٹیم کی پریشانی بڑھ سکتی ہے۔
جبکہ اتراکھنڈ کے ڈی جی پی اشوک کمار نے بتایا تپوون ٹنل میں 7 فروری سے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ اتوار کو دو لاشیں ٹنل سے نکالی گئیں۔ اتراکھنڈ پولیس، ایس ڈی آر ایف اور این ڈی آر ایف کے جوان ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔ این ڈی آر ایف اب کیمرے کے ذریعہ ٹنل کے اندر لوگوں کو تلاش کرنے کی کوشش کرے گا۔
رشی گنگا اپر اسٹریم جھیل سے فی الحال خطرہ نہیں
ڈی جی پی اشوک کمار نے بتایا کہ حادثہ کے بعد رشی گنگا کی اپر اسٹریم میں بنی جھیل سے فی الحال کوئی بھی خطرہ نہیں ہے۔ اس جھیل سے پانی کا مسلسل ریساو ہو رہا ہے۔ اس جھیل کے سامنے آنے سے خطرے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔ ایس ڈی آر ایف اور این ڈی آر ایف کی ٹیم نے اس کی جانچ کی۔ ٹیم نے جھیل کی تفصیلی رپورٹ تیار کرکے جھیل کا معائنہ کرکے اعلیٰ افسران کو رپورٹ بھیجی ہے۔
جھیل کے کنارے لگے گا وارننگ آٹو میٹک الارم سسٹم
ڈی جی پی نے جھیل کے کنارے وارننگ آٹو میٹک الارم سسٹم بھی لگانے کی بات کہی ہے۔ یہ سسٹم تب استعمال میں آئے گا جب جھیل سے کوئی بڑا خطرہ بن رہا ہو تو سسٹم آٹو میٹک الارم دے کر لوگوں کو الرٹ کرے گا۔ یہ سسٹم پینگ گاوں، رینی اور تپوون میں لگایا جائے گا۔ ڈی جی پی اشوک کمار کا کہنا ہے کہ جب تک الارم سسٹم نہیں لگتا ہے تب تک ایس ڈی آر ایف کی ٹیموں کو تعینات کیاگیا ہے، جو الارمنگ سسٹم کا کام کریں گی۔ ٹیم تینوں گاوں میں رہے گی۔