سی بی ایس ای، آئی سی ایس ای 12ویں جماعت امتحانات پر سماعت 31 مئی تک کے لئے ملتوی
03:10PM Fri 28 May, 2021
نئی دہلی: سپریم کورٹ نے مرکز، سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) اور کونسل فار دی انڈین اسکول سرٹیفکیٹ ایگزامینیشن (سی آئی ایس سی ای) کی سی بی ایس ای اور آئی سی ایس ای کے بارہویں جماعت کے امتحان کو منسوخ کرنے کی ہدایت کے مطالبہ والی عرضی پر سماعت کو ملتوی کر دیا ہے۔ اب اس عرضی پر پیر 31 مئی 2021 کو سماعت ہوگی۔ اس معاملہ پر سپریم کورٹ کے جسٹس اے ایم کھانولکر کی سربراہی والی بنچ نے سماعت کی۔
خیال رہے کہ عدالت عظمیٰ کی ایڈوکیٹ ممتا شرما کے ذریعہ دائر عرضی میں مرکز، سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) اور کونسل آف انڈین اسکول سرٹیفکیٹ امتحان (سی آئی ایس سی ای) کو سی بی ایس ای اور آئی سی ایس ای 12 ویں جماعت کے امتحانات منسوخ کرنے کی ہدایت دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ درخواست میں ایڈووکیٹ نے سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ وہ قومی امتحانات کے انعقاد کرنے والے عہدیداروں کو ہدایت دے کہ وہ 12 ویں جماعت کے نتائج کا کسی خاص مدت کے اندر معروضی طریقہ کی بنیاد پر اعلان کرے۔
وہیں، 300 سے زیادہ طلباء نے چیف جسٹس آف انڈیا این وی رمنا کو امتحان کے آف لائن انعقاد کی تجویز کو منسوخ کرنے اور گذشتہ سال کی طرح متبادل تشخیصی اسکیم فراہم کرنے کے لئے ایک خط لکھا ہے۔ تاہم، وزارت تعلیم کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ "اب تک موصولہ تاثرات کی بنیاد پر عام اتفاق رائے یہ ہے کہ امتحان لیا جانا چاہئے۔ جیسا کہ وزیر تعلیم نے کہا ہے، بارہویں کے امتحان سے متعلق حتمی فیصلے کا اعلان یکم جون تک کیا جائے گا۔‘‘