اب 12 سے 18 سال کے بچوں کو لگے گی کورونا ویکسین، ’کوربے ویکس‘ کو ملی منظوری

03:17PM Mon 21 Feb, 2022

کورونا کے خلاف جاری جنگ میں آج ہندوستان کو اس وقت بڑی خوشخبری ملی جب ڈی جی سی آئی (ڈرگس کنٹرولر جنرل آف انڈیا) نے 12 سے 18 سال تک کے بچوں کے لیے بایولوجیکل ای لمیٹڈ کی کورونا ویکسین ’کوربے ویکس‘ (Corbevax) کو منظوری دے دی۔ اس ویکسین کی دونوں خوراک 28 دنوں کے اندر لینی ہوگی۔ اس ٹیکے کی اسٹوریج 2 سے 8 ڈگری سلسیس پر کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ کورونا کی رفتار کچھ دھیمی ضرور ہوئی ہے، لیکن خطرہ فی الحال ختم نہیں ہوا ہے۔ تھوڑی سی بھی لاپروائی مصیبت کا سبب بن سکتی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ وبا ابھی پوری طرح سے ختم نہیں ہوئی ہے کیونکہ پوری دنیا میں تقریباً 70 ہزار لوگ ہر ہفتے کورونا انفیکشن کی وجہ سے انتقال کر رہے ہیں۔ ایسے میں کسی بھی طرح کی لاپروائی خطرناک ہے۔
ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ ابھی کورونا کے کئی دیگر ویریئنٹ بھی سامنے آ سکتے ہیں۔ ہمیں یہ مان کر چلنا ہوگا کہ نئے ویریئنٹ کو ٹریس کرنا بے حد مشکل ہے، کیونکہ اس کا پھیلاؤ بہت زیادہ ہے۔ ایسے میں ضروری ہے کہ احتیاط کا دامن نہ چھوڑا جائے۔ ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے میں دنیا بھر میں کووڈ کے نئے کیسوں میں 19 فیصد کی گراوٹ درج کی گئی ہے جو راحت کی بات ہے۔