بھٹکل میں ایمرجیسنی نمبر 112 کے تعلق سے پولس کی بیداری مہم
01:04PM Tue 17 Aug, 2021

بھٹکل: 17 اگست، 2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) کسی بھی طرح کے ہنگامی حالات میں مدد طلب کرنے کے لیے اس سال مئی کے مہینے میں 112 نمبر متعارف کرایا گیا تھا جس کو ضلع بھر میں اچھا تعاون مل رہا ہے اور جس کے ذریعے کئی ہنگامی موقع پر مدد پہنچائی جارہی ہے۔
اسی تعلق سے مزید بیداری پیدا کرنے کے لیے آج بھٹکل ٹاؤن پولس تھانے کے زیر اہتمام مین روڈ کے علاقے میں ایک نشست منعقد کی گئی جس میں سی پی آئی دیواکر پی ایم نے 112 ERSS کے تعلق سے عوام کو جانکاری دی اور کہا کہ عوام کسی بھی طرح کی ایمرجینسی کے موقع پر اس نمبر (112) پر ڈائل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی مجرم کو پکڑنے، حادثات یا آگ لگنے کے موقع پر پہلے الگ الگ نمبروں کو کال کرکے مدد طلب کی جاتی تھی لیکن اب اسی ایک نمبر 112 کے ذریعے عوام اپنی شکایت درج کر سکتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ اس تعلق سے پولس انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔
اس موقع پر پی ایس آئی سوما اور دیگر اہلکار موجود تھے۔

