جھارکھنڈ : تبلیغی جماعت سے وابستہ 11 غیر ملکی شہریوں کو عدالت نے ثبوت کے فقدان میں کیا بری

02:01PM Sat 6 Feb, 2021

جھارکھنڈ کے مشرقی سنگھ بھوم میں تبلیغی جماعت سے وابستہ 11 غیر ملکی شہریوں کو عدالت نے ثبوت کے فقدان میں بری کردیا ہے ۔ گھاٹ شیلا کی ایڈیشنل چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ سشیلا سورینگ کی عدالت نے انہیں بری کیا ۔ ان سبھی کو رانچی کے تماڑ تھانہ علاقہ کے رڑگاوں سے 24 مارچ 2020 کو پولیس نے گرفتار کیا تھا ۔ سات اپریل کو لاک ڈاون اور ویزا قوانین کی خلاف وزری کے الزام میں ان سبھی کو جیل بھیج دیا گیا تھا ۔ پولیس نے سبھی کے خلاف عدالت میں چارج شیٹ داخل کی تھی ۔ اس معاملہ میں پراسیکیوٹر کی جانب سے آٹھ لوگوں کی گواہی ہوئی تھی ، لیک ثبوت کے فقدان میں سبھی گیارہ غیر ملکی شہریوں کو بری کردیا گیا ۔ تبلیغی جماعت کے ان گیارہ افراد کو رڑگاوں سے لاک ڈاون کے دوران گرفتار کیا گیا تھا ۔ مشرقی سنگھ بھوم ضلع کے مسابنی کے سوانس پور کوارنٹائن سینٹر میں سبھی کو رکھا گیا تھا ۔ جادوگوڑا تھانہ میں ان کے خلاف لاک ڈاون کی خلاف ورزی اور غیر ملکی ویزا کے غلط استعمال کا معاملہ درج کیا گیا تھا ۔ جھارکھنڈ ہائی کورٹ سے انہیں گیارہ اگست 2020 کو ضمانت ملی تھی ۔ بچاو فریق کے وکیل ویریندر سنگھ نے بتایا کہ ایف آئی آر میں جائے واقعہ مسابنی بتایا گیا تھا ، لیکن پولیس کے ذریعہ عدالت میں گرفتاری رڑگاوں میں ہونے کا ثبوت پیش کیا گیا ۔ ایسے میں جب جائے واقعہ مسابنی نہیں تھا تو عدالت نے پورے معاملہ میں ثبوت کے فقدان میں بری کرنے کا فیصلہ کیا ۔ عدالت سے بری ہونے کے بعد سبھی غیر ملکی شہری اپنے ملک لوٹیں گے ۔ ان غیر ملکی شہریوں میں کرغستان کے غلام الدین ، رستم نور کورس ، جھانربک چینالیو اور اسلیبنک نورگازیو اور قزاقستان کے شاکر شاہ ، ذاکر ، اسماعیل مشانلو ، الیاس میانو اور چین کے یے دیہہ ای ، منائس اور مرللی شامل ہیں