کرناٹک اسمبلی انتخابات کا ہوا آغاز: بھٹکل میں 11 بجے تک25.39؍فیصد پولنگ ہوئی ریکارڈ۔ سیکوریٹی کے سخت انتظامات

06:10AM Wed 10 May, 2023

بھٹکل : 10 مئی،2023 (بھٹکلیس نیوز بیورو) کرناٹک اسمبلی انتخابات کے لئے آج  ریاست بھر میں پولنگ   جاری ہے جس کے چلتے بھٹکل میں پر امن طور پر  انتخابات کا عمل جاری ہے ۔ اطلاع کے مطابق بھٹکل میں صبح 11:00بجے تک  25.39فیصد  پولنگ ریکارڈ کی گئی ہے۔ جبکہ  ضلع اترکینرا کے کاروار میں 26 فیصد،ہلیال میں20 فیصد،کمٹہ میں 24 فیصد،سرسی میں 29 فیصد اور یلاپور میں 26 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسی طرح ریاست میں مجموعی طور پر 20.99فیصد پولنگ ریکارڈ ہوئی ہے۔ بھٹکل کی بات کی جائے تو یہاں  کے ودھان سبھا حلقہ میں جملہ 2,22708 ووٹرس ہیں جن میں 1,12988 مرد اور 1,09729 خواتین رائے دہندگان ہیں ۔ پورے حلقہ میں جملہ 248 پولنگ بوتھس ہیں ۔ ضلع اتر کینرا کی بات کی جائے تو یہاں ضلع بھر میں  جملہ 11،94،714رائے دہندگان ہیں۔ان میں  7ٹرانسجنڈر ہیں۔ اس مرتبہ الیکشن کمیشن نے بزرگوں اور اپاہجوں  کو گھر سے ہی ووٹنگ کرنےکی سہولت دی تھی۔ ہمارے ضلع میں دونوں زمروں پر مشتمل ایسے ووٹروں کی تعداد قریب 42ہزار ہیں ،جب انہیں ووٹنگ کےلئے مقام طئے کرنے کا حق دیاگیا تو ان میں 4500رائے دہندگان نے کہاکہ وہ اپنے گھروں سے ہی ووٹنگ کریں گے۔ گھروں سے ہی ووٹ کرنےوالوں کی شرح 95.43فی صد رہی۔ ضلع میں1435پولنگ بوتھ ہیں، 1122 لوکیشن ہیں، ان میں 861 سنگل پولنگ لوکیشن ہیں اور287کریٹیکل پولنگ بوتھ ہیں جہاں کڑی نگرانی رکھی گئی ہے۔انتخابات کے لئے ضلع بھر میں  6416عملہ کے علاوہ گروپ ڈی کا عملہ اور پولس اہلکار بھی  نامزد کئے گئےہیں۔ ضلع میں کل  719ویب کاسٹنگ پولنگ بوتھ ہیں جہاں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں جس کے ذریعے  لائیو دیکھا جاسکتاہے جس کی نگرانی کنڑول روم کے ذریعے کی جائےگی اور اس کا لنک سی ای او آفس بنگلورو سے بھی ہوگا جہاں سے متعلقہ مراکز پر ہونے والی پولنگ کو راست دیکھا جاسکے گا۔ اسی طرح ضلع میں 287مائیکرو آبزرورس کو  متعینہ پولنگ بوتھ پر تعینات کیاگیا ہے۔گذشتہ مرتبہ کے مقابلے اس مرتبہ  زائد پولنگ کےلئے مسلسل کوششیں ہورہی ہیں۔اس سلسلے میں چند  خصوصی بوتھوں  کو سجایا گیا ہے، ہر ایک اسمبلی  حلقہ میں 2اپاہج بوتھ سنٹرہونگے جہاں زائد عملہ اور سہولیات ہونگی۔ اسی طرح نوجوانوں کو ووٹنگ کی طرف راغب کرنے کےلئے خصوصی طورپر  2نوجوان پولنگ  بوتھ بھی بنائے گئے  ہیں اور اسمبلی حلقہ کی فطری مناظر کو سامنے رکھتےہوئے دو مخصوص پولنگ بوتھ بھی بنائے گئےہیں۔ ہر اسمبلی حلقہ میں 5خواتین پولنگ بوتھ بھی ہونگے جہاں صرف خواتین ہی ڈیوٹی پر رہیں گی۔ انتخابات کے لئے ریاست بھر میں سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ مقامی پولیس کی مدد کے لئے نیم فوجی دستوں بشمول سی آر پی ایف اور بی ایس ایف کو تعینات کیاگیا ہے۔ انتخابات کے ایک دن پہلے ہی شراب کی دکانوں کو بند کردیاگیا۔ ان دکانوں کو جمعرات کی صبح تک نہ کھولنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انتخابات کے پیش نظر سکیورٹی قدم کے تحت ریاست بھر میں دفعہ 144/کے تحت امتناعی احکامات نافذ کردیئے گئے ہیں۔ حساس اور حساس ترین پولنگ اسٹیشنوں کی نگرانی کے لئے افزود فورس تعینات کی گئی ہے۔ کرناٹک اسمبلی کے انتخابات جو تینوں بڑی سیاسی جماعتوں کے لئے کانٹے کی ٹکر مانے جاتے ہیں۔ ان انتخابات میں ووٹروں کو رجھانے کے لئے حکمران بی جے پی کی طرف سے وزیر اعظم مودی، وزیرداخلہ امیت شاہ اوردیگربی جے پی رہنما میدان میں رہے۔ تو کانگریس کی طرف سے پارٹی رہنماؤں سونیا گاندھی، راہل گاندھی، پریانکا گاندھی، کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے اور دیگر رہنما مہم میں پیش پیش رہے۔ جنتادل ایس کی طرف سے بھی سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا اور سابق وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے بھی ریاست بھر گھوم کر اپنے امیدواروں کے لئے مہم چلائی۔ ان تمام مہمات پر عوام کا فیصلہ کیا ہوگا وہ آج  صبح 7/بجے سے شروع ہوکر  شام 6/بجے تک ہونے والی پولنگ کے دوران ووٹنگ مشینوں میں قید ہوجائے گا۔13/مئی کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی کے لئے تمام اضلاع میں اسٹرانگ رومس، نیم فوجی دستوں کی نگرانی میں تیار کرلئے گئے ہیں۔ پولنگ کے بعد ووٹنگ مشینوں کو سخت سکیورٹی کے تحت ان اسٹرانگ رومس میں رکھا جائے گا۔ [embedyt] https://www.youtube.com/watch?v=uL7hlGauSSs[/embedyt]