ہندوستان نے بنایا عالمی ریکارڈ، 105 گھنٹے میں تعمیر ہوئی 75 کلو میٹر سڑک

03:37PM Wed 8 Jun, 2022

نیشنل ہائیوے اتھارٹی آف انڈیا (این ایس اے آئی) نے 105 گھنٹے میں 75 کلومیٹر طویل سیمنٹ کی سڑک بنا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ نتن گڈکری نے اعلان کیا کہ این ایچ اے آئی نے این ایچ 53 پر 105 گھنٹے اور 33 منٹ میں 75 کلومیٹر طویل سنگل لین میں بٹومینس کنکریٹ بچھانے کا ایک نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ بنایا ہے۔
گڈکری نے اس سلسلے میں ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’ہندوستان کی آزادی کے 75 سال پورے ہونے پر اور وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ اعلان کردہ آزادی کے امرت مہوتسو کے تحت این ایچ اے آئی نے ایک عالمی ریکارڈ بنایا ہے جسے گنیز ورلڈ ریکارڈس کے ذریعہ سرٹیفائی کیا گیا ہے۔‘‘ گڈکری نے این ایچ اے آئی پروجیکٹ پر بہترین کارکردگی کے لیے اتھارٹی اور راج پتھ انفراکون پرائیویٹ لمیٹڈ کے سبھی انجینئروں، ٹھیکیداروں، صلاحکاروں اور مزدوروں کو مبارکباد دی۔
ایک رپورٹ کے مطابق 75 کلومیٹر طویل سنگل لین بٹومینس کنکریٹ روڈ کو اگر دو لین کی پختہ روڈ کے حساب سے دیکھیں تو اس کی مجموعی لمبائی 37.5 کلومیٹر ہوتی ہے۔ اسے بنانے کا کام 3 جون 2022 کو صبح 7.27 بجے شروع ہوا تھا اور یہ 7 جون کو شام 5 بجے مکمل ہوا۔ اس سڑک تعمیر میں 2070 میٹرک ٹن بٹومین والے 36634 میٹرک ٹن کے مرکب کا استعمال کیا گیا۔ اسے خود مختار صلاح کاروں کی ایک ٹیم سمیت 720 مزدوروں نے مکمل کیا۔ اس ریکارڈ کو بنانے کے لیے ان سبھی نے شب و روز کام کیا تھا۔