الفلاح یوتھ سرویس کی جانب سے خون عطیہ کمیپ کا انعقاد؛ 102/لوگوں نے دیا اپنا خون

02:07PM Thu 8 Aug, 2019

بھٹکل: 8 اگست،2019 (بھٹکلیس نیوز بیورو) الفلاح یوتھ سرویس آرگنائزیشن کی جانب سے آج صبح الفلاح کے دفتر میں خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی اور اپنے خون کا عطیہ کیا۔ اس سے قبل منعقد افتتاحی تقریب میں  بھٹکل تعلقہ سرکاری اسپتال کی میڈیکل  افسر ڈاکٹر سویتا کامت نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسے  عین انسانیت قرار دیا اور کہا کہ دوسروں کی زندگی بچانے کے لیے کام آنا بہت بڑی بات ہے۔ مہتمم جامعہ اسلامیہ اور الفلاح کے سرپرست جناب مولانا مقبول کوبٹے ندوی صاحب نے بھی حاضرین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ دوسروں کے دکھ درد اور پریشانی میں کام آنا اسلام کی تعلیمات میں سے ہے۔  انہوں نے قرآن اور حدیث کی روشنی میں کہا کہ ’’جو انسان ایک جان بچاتا ہے گویا وہ پوری انسانیت کو بچاتا ہے‘‘۔ مولانا محترم نے اس موقع پر کیمپ کے منتظمین کو مبارکباد دی اور اس طرح کے کاموں میں آگے بڑھنے کی تلقین کی ۔ آج کے اس پروگرام کے تعلق سے الفلاح کے جنرل سکریٹری مولانا وصی اللہ ڈی ایف ندوی نے بھٹکلیس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صبح 10:30 بجے سے شروع ہونے والے اس کیمپ میں شام تک 102/نوجوانوں نے اپنے خون کا عطیہ کیا۔ انہوں نے الفلاح کے نوجوانوں کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ اس کیمپ کو کامیاب بنانے میں کیمپ کے کنوینر جناب یونس رکن الدین صاحب کے ساتھ الفلاح کے نوجوانوں کا بڑا ہاتھ  رہاہے۔ افتتاحی تقریب میں مذکورہ حضرات کے علاوہ ڈائس پر صدر الفلاح جناب عبدالسلام صاحب، جناب ایس جے سید ہاشم صاحب، جناب یوسف برماور صاحب، کامت بھٹ، جناب امتیاز ادیاور موجود تھے۔ اس تقریب کی نظامت کے فرائض الفلاح دبئی یونٹ کے سکریٹری جناب سرفراز جوکاکو نے انجام دیے۔