ہوشیار! 100 دنوں تک چل سکتی ہے کورونا کی دوسری لہر
04:35PM Thu 25 Mar, 2021
ہندوستان میں کورونا وائرس نے ایک بار پھر قہر برپانا شروع کر دیا ہے۔ فروری اور مارچ کے شروع میں جہاں کورونا کیسز بہت کم ہو گئے تھے، وہیں مارچ کے آخر میں ایک بار پھر روزانہ تقریباً 50 ہزار نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں جس سے لوگوں کی فکر بہت بڑھ گئی ہے اور یہ سوال ذہن میں گردش کرنے لگا ہے کہ کیا کورونا کی دوسری لہر ملک کو پھر سے لاک ڈاؤن کی طرف لے جائے گا۔ ابھی تک مرکزی اور ریاستی حکومتوں نے حالانکہ ایسے کسی بھی امکان سے انکار کیا ہے، لیکن ایس بی آئی (اسٹیٹ بینک آف انڈیا) نے ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر 100 دنوں تک چل سکتی ہے۔ گویا کہ لوگوں کو مزید تین مہینے خوف کے سایہ میں زندگی گزارنے پڑ سکتے ہے۔
یہاں قابل ذکر ہے کہ مہاراشٹر کے تین اضلاع ناگپور، نانڈیر اور بیڈ میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔ ناگپور میں جہاں 31 مارچ تک کے لیے یہ لاک ڈاؤن نافذ ہے وہیں بیڈ اور نانڈیر میں 4 اپریل تک مکمل لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔ اسی طرح سے مدھیہ پردیش کے کچھ شہروں میں بھی سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ کئی ریاستوں میں جہاں کورونا کے کیسز پھر سے بڑھنے لگے ہیں، وہاں احتیاطی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ہولی کو لے کر بھی کئی ریاستوں میں گائیڈ لائنس جاری کیے گئے ہیں۔ اس کے باوجود اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر لوگ بداحتیاطی کریں گے تو حالات فکر انگیز ہو جائیں گے۔