منکی میں رکھا گیا آنکھوں کے معائنہ کا مفت کیمپ: 100 سے زائد افراد نے اٹھایا فائدہ
02:46PM Sun 31 Oct, 2021
منکی:31 اکتوبر، 2021 (بھٹکلیس نیوزبیورو)مرکزی جماعت المسلمین منکی کی زیر سرپرستی اور ہیگڑے کلنک اور شری کلنک کے اشتراک سے منکی میں آج آنکھوں کے معائنہ کا مفت کیمپ معنقد کیا گیا جس سے قریب 100 سے زائد افراد نے فائدہ اٹھایا۔
اس کیمپ کا آغاز صبح 9:00 بجے مستورد بن خلیق الزماں کٹنگری کی تلاوت سے ہو ا جس کے بعد قاضی و خطیب مولانا شکیل احمد صاحب سکری ندوی نے مختصر وقت میں قرآن و حدیث کی روشنی میں خوبصورت باتیں بیان کی۔ مولانا نے مہمان ڈاکٹروں کا استقبال کرتے ہوئے اُن کا شکریہ بھی ادا کیا۔
منکی میں آئ سرجن کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے ڈاکٹر ہرشِت ہیگڑے نے اپنی زندگی کے مختلف گوشوں کا تذکرہ کرتے ہوئے اپنے تجربات کی روشنی میں آنکھ کے متعلق مختلف باتیں بیان کی اور جماعت المسلمین کا شکریہ ادا کیا۔
شری کلنک کے ڈاکٹر جیون نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا جس میں انہوں نے ڈاکٹر ہرشت ہیگڑے سے یہ درخواست کی کے وہ ہفتہ کے دو دن منکی میں تشریف لاکر یہاں کے مریضوں کا معائنہ کریں، جماعت المسلمین منکی نے بھی اِس سلسلہ میں اپنا مکمل تعاون دینے کی بات کہی۔
مرکزی جماعت المسلمین منکی کے صدر قاضی محمد ارشاد صاحب نے صدارتی کلمات کہتے ہوئے حاضرین کا شکریہ بھی ادا کیا۔
جلسہ کی نظامت مولوی تعظیم قاضی ندوی نے کی اور مولانا شکیل صاحب سکری ندوی کی دعا پر نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔
صبح 9:45 سے شروع ہونے والا یہ کیمپ دوپہر 12 بجے تک چلا ، جس میں 100 سے زائد مرد و خواتین نے فائدہ اُٹھایا۔
(رپورٹ: تعظیم قاضی ندوی)
