سعودی فرمانروا کی دعوت پر100 شخصیات کی عمرہ کی ادائیگی

12:10PM Sun 26 Jun, 2016

خادم الحرمین الشریفین عمرہ پروگرام کے تحت مسلمان ملکوں کی ایک سو اہم شخصیات کے عمرہ کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جس کے بعد شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے خصوصی مہمانوں کو عمرہ کرانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق حالیہ ایام میں خادم الحرمین الشریفین عمرہ پروگرام کے تحت عمرہ کی ادائی کے لیے برصغیر، جنوب مشرقی ایشیا، بلقان ریاستوں اور وسطی ایشیائی ممالک سمیت کل 22 ملکوں سے 100 شخصیات سعودی عرب پہنچ چکی ہیں۔ خیال رہے کہ سعودی عرب کی جانب سے ہر سال عمرہ اور حج کے سیزن میں مسلمان ممالک کی دلجوئی اور اتحاد امت کے لیے مسلمان شخصیات کو سرکاری خرچے پر حج اور عمرہ کی سعادت سے بہرمند کرایا جاتا ہے۔ سعودی عرب کے شاہی مہمان کی حیثیت سے حجاز مقدس پہنچنے والی مسلمان عالمی شخصیات نے عمرہ کی سعادت کرانے پر ریاض حکومت اور خادم الحرمین الشریفین کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے حرمین شریفین کی توسیع اور عمرہ و حج کے مناسک کی ادائی کے لیے دی گئی ہمہ نوع سہولیات کو سراہا۔